کراچی؛ کینٹ ہوٹل سے 3 ملزمان گرفتار، ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ برآمد

اسٹاف رپورٹر  پير 21 اپريل 2014
کینٹ کے ہوٹل سے گرفتارجعلی کرنسی چھا پنے والے گروہ سے برآمد ہونیوالی ڈائیاں ایس ایس پی فرئیر شہلا قریشی صحافیوں کو دکھارہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کینٹ کے ہوٹل سے گرفتارجعلی کرنسی چھا پنے والے گروہ سے برآمد ہونیوالی ڈائیاں ایس ایس پی فرئیر شہلا قریشی صحافیوں کو دکھارہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: فرئیر پولیس نے کینٹ اسٹیشن کے ہوٹل پر چھاپہ مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ کی گڈیاں، نوٹ بنانے کی ڈائیاں اور کیمیکل برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فرئیر پولیس کی بھاری نفری نے خفیہ اطلاع پر کینٹ اسٹیشن کے قریب ہوٹل کے کمرے میں چھاپہ مار کر3 ملزمان ساجد حسین ، حافظ علی محمد اور عبدالرحمٰن کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کے جعلی نوٹ ، نوٹ چھاپنے کی ڈائیاں اور چھپائی میں استعمال کیا جانے والا کیمیکل برآمد کر لیا، برآمد ہونے والے نوٹوں میں ایک ایک ہزار روپے والی گڈیاں ہیں، گرفتار ملزمان کا تعلق پنجاب اور کراچی سے ہے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ وہ2سال سے جعلی نوٹ چھاپ کر فروخت کرنے کا کاروبار کر رہے تھے،ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کا نیٹ ورک کراچی، حیدر آباد ، اندرون سندھ ، پنجاب اور کوئٹہ میں پھیلا ہوا ہے،ملزمان نے ملک کے دیگر حصوں میں موجود اپنے کارندوں کے نام بتائے ہیں تاہم پولیس نے ان ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھے ہیں،ملزم کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ بھارت کے خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کیلیے کام کرتے ہیں جس کے لیے ان سے حساس ادارے تحقیقات کر رہے ہیں،گرفتار ملزمان کے فرئیر تھانے میں ایف آئی آر نمبر 100/14 درج کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔