آئی پی ایل اسکینڈل؛ روی شاستری تحقیقاتی پینل کے سربراہ نامزد

اسپورٹس ڈیسک  پير 21 اپريل 2014
کمیٹی کی منظوری سپریم کورٹ دے گی ، بھارتی بورڈ کی ہنگامی میٹنگ میں فیصلہَ فوٹو: فائل

کمیٹی کی منظوری سپریم کورٹ دے گی ، بھارتی بورڈ کی ہنگامی میٹنگ میں فیصلہَ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کی ورکنگ کمیٹی نے آئی پی ایل کرپشن کیس کی تحقیقات کیلیے تین رکنی پینل تشکیل دے دیا، سابق آل رائونڈر روی شاستری بھی اس میں شامل ہیں۔

سی بی آئی کے سابق سربراہ آر رگھووان اور کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل کو بھی حصہ بنایا گیا ہے، ان ناموں کو منظوری کیلیے منگل کو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے اپنی گذشتہ سماعت پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہدایت کی تھی کہ وہ خود انڈین پریمیئر لیگ میں ہونیوالی کرپشن کی تحقیقات کیلیے اپنی کمیٹی تشکیل دے۔

اسی مقصد کیلیے گذشتہ روز ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں ورکنگ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں تین رکنی تحقیقاتی پینل کی تشکیل ہوئی، جس میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے سابق سربراہم آر کے رگھووان، کولکتہ ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس جے این پٹیل کیساتھ بھارت کے سابق آل رائونڈر روی شاستری بھی شامل ہیں، اب اس کمیٹی کو منظوری کیلیے سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا، ان افراد کے نام میٹنگ میں شریک کئی آفیشلز نے ظاہر کیے ہیں تاہم بورڈ سیکریٹری سنجے پٹیل کا کہنا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے سامنے چند نام پیش کرنیوالے ہیں مگر ابھی ان کو ظاہر نہیں کرسکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں روی شاستری اور جے این پٹیل کے ناموں پر تو سب متفق تھے تاہم بورڈ کے سابق صدر شیشانک منوہر نے سابق کرکٹرروسی شاستری کی مخالفت کی مگر کسی اور نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ شیشانک اکتوبر 2011 میں بورڈ کی صدارت سری نواسن کو سونپنے کے بعد پہلی مرتبہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں آئے ہیں انھوں نے وداربھا کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی جبکہ اس کے موجودہ صدر قریبی کمرے میں بیٹھے رہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تحقیقاتی پینل کیلیے پانچ ناموں پر غور کیا گیا تھا جن میں لوک سبھا کے سابق اسپیکر سومناتھ چیٹرجی بھی شامل تھے مگر ان کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔