طالبان قیدی رہا نہ ہونے سے امن مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوگئے ہیں، پروفیسر ابراہیم

ویب ڈیسک  پير 21 اپريل 2014
حکومت اعلانات کے باوجود طالبان کمیٹی سے ملاقات نہیں کررہی، پروفیسر ابراہیم    فوٹو:فائل

حکومت اعلانات کے باوجود طالبان کمیٹی سے ملاقات نہیں کررہی، پروفیسر ابراہیم فوٹو:فائل

پشاور: طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے طالبان قیدی رہا نہ ہونے سے امن مذاکرات ڈیڈلاک کا شکار ہوگئے ہیں۔

پشاور میں ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت اعلانات کے باوجود طالبان کمیٹی سے ملاقات نہیں کررہی۔ اس مسئلے کا حل آپس میں مل بیٹھنے سے ہی نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا ابھی تک حکومتی کمیٹی سے بھی ملاقات طے نہيں ہوئی، جتنی جلدی ہو ڈیڈلاک ختم ہونا چاہیے تاکہ دوبارہ مذاکرات شروع کیے جاسکیں۔

واضح رہے کہ حکومتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ کےدرمیان ایک ملاقات ہوچکی ہے تاہم دوسری ملاقات کب ہونی ہے اس کے لئے ابھی تک جگہ کا تعین نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے مذاکرات کی کشتی ایک بار پھر شش و پنج کے منجدھار میں پھنس گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔