کویتی عدالت کا بغاوت کی خبر شائع کرنے پر2 اخبارات کی اشاعت پر پابندی کا حکم

ویب ڈیسک  پير 21 اپريل 2014
عدالت نے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر دونوں اخبارات کی اشاعت سزا کے طور پر 2 ہفتوں کے لئے بند کرنے کا حکم دیا، فوٹو:فائل

عدالت نے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر دونوں اخبارات کی اشاعت سزا کے طور پر 2 ہفتوں کے لئے بند کرنے کا حکم دیا، فوٹو:فائل

کویت سٹی: کویت کی عدالت نے حکومت کے خلاف مبینہ بغاوت کی سازش کی خبر دینے پر 2 اخبارات کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت میں شائع ہونے والے ’’الوطن‘‘ اور ’’عالم الیوم‘‘ نامی اخبارات میں ایک ایسی ویڈیو ٹیپ کی تفصیلات شائع ہوئی تھیں جن میں دو سابق سینئر افسران کو حکومت کا تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی کرتے دیکھا جاسکتا تھا۔ کویتی حکام نے اس معاملے کی تحقیقات کی خبر ذرائع ابلاغ کو فراہم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ گذشتہ ہفتے کویتی پارلیمنٹ میں بھی ان  ٹیپس پر بحث کے دوران میڈیا کو دور رکھا گیا تھا۔

عدالت نے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر دونوں اخبارات کی اشاعت سزا کے طور پر 2 ہفتوں کے لئے بند کرنے کا حکم دے دیا ہے، تاہم اخبارات کے مدیران کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی دوسرے اخبار کے مقابلے میں اس ٹیپ کے بارے میں زیادہ بات نہیں کی اوراخارات کی اشاعت پر پابندی کے خلاف اپیل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔