پی سی بی میں مفاد پرست ٹولے کا راج بڑھ رہا ہے، محمد الیاس

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 اپريل 2014
جسٹس قیوم رپورٹ میں سزا پانے والے افراد کو چن چن کر اعلیٰ عہدوں پر فائز کیا جا رہا ہے، سابق چیف سلیکٹر۔  فوٹو : فائل

جسٹس قیوم رپورٹ میں سزا پانے والے افراد کو چن چن کر اعلیٰ عہدوں پر فائز کیا جا رہا ہے، سابق چیف سلیکٹر۔ فوٹو : فائل

لاہور: سابق چیف سلیکٹرمحمد الیاس نے پی سی بی میں حالیہ تبدیلیوں کی لہر پر چیئرمین نجم سیٹھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں مفاد پرست ٹولے کا راج بڑھتا جا رہا ہے، جسٹس قیوم رپورٹ میں سزا پانے والے افراد کو چن چن کر اعلیٰ عہدوں پر فائز کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا ہے کہ پی سی بی میں مفاد پرستوں کا راج بڑھتا جا رہا ہے، جسٹس قیوم کی رپورٹ میں سزا پانے والے افراد کو چن چن کر پی سی بی میں اعلیٰ عہدوں سے نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی20 کیلیے 3 سفارشی کھلاڑیوں کی وجہ سے قومی ٹیم کو بری شکست سے دوچار ہونا پڑا، بورڈ میں تمام فیصلے میرٹ سے ہٹ کر کیے جا رہے ہیں۔ معین خان کو تمام اختیارات کیوں دیے جا رہے ہیں۔

تمام لوگ بخوبی جانتے ہیں، مزید من پسند افراد کو نوازانے کا راستہ کھلا رہے گا۔ سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح میرٹ کشی جاری رہی تو بہت جلد پاکستان کرکٹ تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی جس کے بعد اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کیا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ دو ماہ سے پنشن سے محروم محمد الیاس نے کرکٹ بورڈ کوقانونی نوٹس بھجوا دیا ہے، ان کا موقف ہے کہ وہ سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جس کی بنا پر موجودہ سربراہ نجم سیٹھی نے ان کی پنشن روک لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد وحید نے اپنے فیصلے میںبورڈ کومیری پنشن کی رقم ادا کرنے کے احکامات جاری کیے لیکن مجھے یہ رقم ادا نہیں کی گئی اسی لیے میںنے اپنے قانونی مشیر کے ذریعے قانونی نوٹس ارسال کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔