کراچی میں بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار، لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد

ویب ڈیسک  بدھ 23 اپريل 2014
ملزمان کے قبضے سے لوٹی ہوئی 10 لاکھ سے زائد رقم میں سے صرف 84 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، پولیس فوٹو:پی پی آئی

ملزمان کے قبضے سے لوٹی ہوئی 10 لاکھ سے زائد رقم میں سے صرف 84 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں، پولیس فوٹو:پی پی آئی

کراچی: ایس آئی یو پولیس نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے لانڈھی میں کارروائی کرکے 15 اپریل کو کورنگی ڈیڑھ نمبر پر نجی بینک میں ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان جن میں ڈکیتی کے سرغنہ ساجد علی عرف بڑا سمیت عمران، اعجاز اور عمران عرف مناکو حراست میں لے کر اسلحہ، لوٹی ہوئی رقم اور 2 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے شناخت کے بعد مخبرخاص کی مدد سے چھاپہ مارنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول، 2 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں جب کہ بینک سے لوٹی ہوئی رقم میں سے صرف 84 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ 15 اپریل کو کراچی کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبر پر بینک ڈکیتی کے دوران ڈاکو 10 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ رواں سال کراچی میں تقریباً 14 بینک ڈکیتیاں ہوچکی ہیں تاہم پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے صرف ایک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو ہی گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔