سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کا کرپشن کیسز میں ٹرائل کیا جائے، بنگلا دیشی عدالت کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 23 اپريل 2014
حکومت سابق وزیراعظم کو جیل  بھیجنے کےلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،وکیل خالدہ ضیا فوٹو: فائل

حکومت سابق وزیراعظم کو جیل بھیجنے کےلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،وکیل خالدہ ضیا فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلا دیش کی ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی کرپشن کیسز کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ کا حکم دیا ہے کہ ان کا ٹرائل کیا جائے۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہائیکورٹ نے کرپشن کے 2 مختلف مقدمات میں دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم رہنے والی اور بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ کو ان کا ٹرائل کرنے کا حکم دیا ہے ، خالدہ ضیا نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف کرپشن کے بنائے گئے مقدمات سیاسی ہیں لہذا انہیں خارج کیا جائے تاہم عدالت نے سابق وزیراعظم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کا حکم نامہ جاری کردیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد سالم کے مطابق سابق وزیراعظم کیخلاف کرپشن ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں اور ہائیکورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم کی دونوں درخواستیں مسترد ہونے کے بعد اینٹی کرپشن کورٹس سے ٹرائل کیا جائے گا۔

دوسری جانب خالدہ ضیا کے وکلا کا کہنا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم کو جیل  بھیجنے کےلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جبکہ خالدہ ضیا پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد اور سیاسی ہیں جس کا مقصد ان کی جماعت کو نقصان پہنچانا ہے، وکلا کا مزید کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا پر 2 مختلف مقدمات میں 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر خورد برد کا الزام ہے جس کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔