تھری اور فور جی نیلامی کے بعد مزید 4 ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع

کاشف حسین / بزنس رپورٹر  جمعرات 24 اپريل 2014
کمپنیاں زیادہ سے زیادہ وسائل انفرااسٹرکچر ایکویپمنٹ اور سروس کے پھیلائو پر خرچ کرنا چاہتی ہیں، ماہرین۔ فوٹو: فائل

کمپنیاں زیادہ سے زیادہ وسائل انفرااسٹرکچر ایکویپمنٹ اور سروس کے پھیلائو پر خرچ کرنا چاہتی ہیں، ماہرین۔ فوٹو: فائل

کراچی: نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی کے لائسنس کی نیلامی میں ٹیلی کام انڈسٹری کی ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کی مالیت 8.5ارب ڈالرسے تجاوز کر جائیگی۔

ٹیلی کام انڈسٹری نے سال 2004 سے 2013تک پاکستان میں مجموعی طور پر 7.49862ارب ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی ہے، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی میں حالیہ ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری گزشتہ 10سال کے دوران کسی ایک سال میں چوتھی بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ ٹیلی کام ماہرین کے مطابق لائسنس کے بعد کمپنیاں انفرااسٹرکچر، ایکویپمنٹ اور تھری جی فورجی پر مبنی خدمات کی فراہمی میں مزید4 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرینگی تاہم یہ سرمایہ کاری ایک سے زائد سال میں ہوگی۔

ماہرین کے مطابق تھری اورفور جی لائسنس کی نیلامی کے بعدخدمات کو عام کرنے بالخصوص سروس کوالٹی کو یقینی بنانے کیلیے سب سے زیادہ سرمای کاری کی جائیگی، یہی وجہ ہے کہ نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کی جانب سے نیلامی کے آخری چار رائونڈز میں بولی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، کمپنیاں زیادہ سے زیادہ وسائل انفرااسٹرکچر ایکویپمنٹ اور سروس کے پھیلائو پر خرچ کرنا چاہتی ہیں جس سے حقیقی معنوں میں ملکی معیشت اور عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔