غذائی تجارت جولائی تا مارچ 51 کروڑ 39 لاکھ ڈالر فاضل رہی

بزنس ڈیسک  جمعرات 24 اپريل 2014
چاول1.66ارب،پھل38کروڑ،سی فوڈ25کروڑکے برآمد،پام آئل1.37 ارب،چائے 22 کروڑ،دالیں21کروڑ ڈالرکی درآمد۔ فوٹو: فئال

چاول1.66ارب،پھل38کروڑ،سی فوڈ25کروڑکے برآمد،پام آئل1.37 ارب،چائے 22 کروڑ،دالیں21کروڑ ڈالرکی درآمد۔ فوٹو: فئال

کراچی: پاکستان کی غذائی تجارت رواں مالی سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران 51کروڑ 38لاکھ 95ہزار ڈالر 16.70 فاضل رہی، اس دوران پاکستان سے 3ارب59کروڑ3لاکھ 58ہزار ڈالر کی اشیائے خوراک برآمد اور 3 ارب 7 کروڑ64لاکھ63ہزار ڈالرکی درآمد کی گئیں۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے مارچ 2014 کے دوران پاکستان سے غذائی اشیا کی برآمدات 5.43 فیصد کے اضافے سے 3 ارب 59 کروڑ3لاکھ 58ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جو جولائی2012 سے مارچ 2013 تک 3ارب 40کروڑ55لاکھ61ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں، اس دوران چاول کی ایکسپورٹ میں 20.19فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈکیا گیا، جولائی سے مارچ تک 1ارب 66 کروڑ67لاکھ96ہزار ڈالر کا26لاکھ83ہزار302میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا جس میں سے باسمتی چاول کی ایکسپورٹ 49 کروڑ 32 لاکھ 97 ہزار ڈالر اور دیگر اقسام کے چاولوں کی برآمدات 1ارب 17 کروڑ 34 لاکھ 99 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مچھلی ومچھلی سے تیار مصنوعات کی برآمدات 8.84 فیصد کے اضافے سے 25کروڑ 30لاکھ 65 ہزار ڈالر، پھلوں کی 19.14 فیصد کے اضافے سے 38کروڑ 6لاکھ 87ہزار ڈالر، سبزیوں کی 2.39 فیصد کمی سے 16 کروڑ 67لاکھ 53ہزار ڈالر، دالوں کی 84.87 فیصد کے اضافے سے 28 لاکھ 23ہزار ڈالر، تمباکو کی 20.45فیصد گھٹ کر1 کروڑ24لاکھ ڈالر، گندم کی 84.63فیصد کمی سے 71 لاکھ 59 ہزار ڈالر، مصالحہ جات کی 19.72 فیصد کمی سے 3کروڑ 87لاکھ 54ہزار ڈالر، تیل داربیجوں کی 196.52 فیصد کے اضافے سے 7 کروڑ 25 لاکھ68ہزار ڈالر، چینی کی 21.09 فیصد کمی سے 23 کروڑ67لاکھ96ہزار ڈالر، گوشت و گوشت کی تیار مصنوعات کی 13.72 فیصد بڑھ کر 17کروڑ75لاکھ ڈالر اور دیگر غذائی اشیا کی برآمدات 18.24فیصدکمی سے 57 کروڑ50لاکھ47ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 9ماہ کے دوران فوڈ گروپ کی درآمدات 8.22فیصد گھٹ کر3ارب7 کروڑ 64 لاکھ63ہزار ڈالر رہیں جو مالی سال 2012-13 کے ابتدائی 9ماہ کے دوران 3ارب35کروڑ 18لاکھ 19ہزار ڈالر رہی تھیں، جولائی سے مارچ 2014 کے دوران نوزائیدہ بچوں کے دودھ کی درآمدات 18.59فیصد کمی سے 11 کروڑ 90لاکھ 53ہزار ڈالر، خشک میوہ جات کی درآمدات 26.26 فیصد بڑھ کر 7 کروڑ 32لاکھ 41ہزار ڈالر، چائے 25.22 فیصد کمی سے 22کروڑ 16لاکھ78 ہزار ڈالر، مصالحہ جات 18.57 فیصد بڑھ کر6کروڑ 15لاکھ ڈالر، سویا بین تیل 17.92 فیصداضافے سے 5کروڑ 79لاکھ 31ہزار، پام آئل 11.41 فیصد کمی سے 1ارب 36 کروڑ 74لاکھ 82ہزار، چینی32.4 فیصد اضافے سے 48لاکھ 38ہزار، دالیں 20.19 فیصد کمی سے  21 کروڑ 47لاکھ 92ہزار اور دیگر غذائی اشیا13.36 فیصد گھٹ کر 84کروڑ 87لاکھ ڈالر کی منگوائی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔