انٹر کے امتحانی مراکز پر بجلی کے تعطل سے طلبا پریشان، وزیر تعلیم کا افسران کے ہمراہ دورہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 اپريل 2014
نقل مافیا کیخلاف اقدامات سے مثبت نتائج آئے ہیں، انوار احمد زئی، کنٹرولنگ اتھارٹی کے سیکریٹریٹ سے کوئی افسردورے پر نہیں آیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

نقل مافیا کیخلاف اقدامات سے مثبت نتائج آئے ہیں، انوار احمد زئی، کنٹرولنگ اتھارٹی کے سیکریٹریٹ سے کوئی افسردورے پر نہیں آیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: شدید گرمی میں امتحانی مراکز پر لوڈشیڈنگ اور بجلی کے طویل تعطل کے دوران انٹرکے امتحانات کاسلسلہ جاری ہے۔

انٹر کے امتحانات میں نقل کی روک تھام اور امتحانی عمل کوشفاف بنانے کے لیے بورڈ حکام اور محکمہ تعلیم کے بعد وزارت تعلیم بھی حرکت میں آگئی، تعلیمی بورڈزکی کنٹرولنگ اتھارٹی کا انتظامی سیکریٹریٹ بدستور اس عمل سے لاتعلق ہے، وزیر تعلیم نے امتحانی مراکز کے دورے میں بجلی کے تعطل پر افسوس کا اظہار کیا،تفصیلات کے مطابق شہر کے کئی سرکاری کالجوں میں قائم امتحانی مراکز میں واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بجلی منقطع ہے یہ امتحانی مراکز ان تعلیمی اداروں کے علاوہ ہیں جہاں کے الیکٹرک کی جانب سے دوران امتحان بھی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

امتحانی مراکز پر طویل لوڈشیڈنگ اور بجلی کے تعطل سے امتحانات میں شریک طلبہ وطالبات اذیت کا شکار ہیں، انٹر بورڈ کے اعلامیے کے مطابق بدھ کو امتحانی مراکز کے دورے کے بعد سینئر وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے کہا کہ کراچی میں انٹر کے امتحانات میں نظم و ضبط دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ہے،گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین شاہراہ لیاقت میں لوڈشیڈنگ افسوسناک ہے ایک بار پھر میں کے الیکٹرک سے کہتا ہوں کہ وہ امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ سے ان مراکز کو مستثنیٰ کردیں۔

وزیرتعلیم نے ڈی جے سائنس کالج کے ایک بلاک کی بجلی کے منقطع ہونے کا بھی نوٹس لیا انھوں نے مختلف امتحانی کمروں میں جاکر امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ چیک کیے،دورے کے دوران انٹر بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی، ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار،ناظم امتحانات عمران چشتی اور سیکریٹری بورڈ ارشد حسین قاضی بھی موجود تھے،بریفنگ میں پروفیسر انوار احمد زئی نے بتایا کہ نقل مافیا کے خلاف اندرونی اور بیرونی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں صبح کی شفٹ میں سائنس پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کا گیارہویں کلاس کا اردو لازمی کا پرچہ ہواجبکہ کامرس ریگولر کی گیارہویں کلاس کا انگریزی کا پرچہ لیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔