نشان حیدر ہاکی؛ رؤف کی ہیٹ ٹرک کے باوجود اسٹیل ملز کو شکست

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 24 اپريل 2014
ریلویز نے مقابلہ 7-5 سے اپنے نام کرلیا، پولیس کیخلاف واپڈا کی 7-2 کے واضح مارجن سے جیت، نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو 2-0 سے زیر کرلیا۔ فوٹو: فائل

ریلویز نے مقابلہ 7-5 سے اپنے نام کرلیا، پولیس کیخلاف واپڈا کی 7-2 کے واضح مارجن سے جیت، نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو 2-0 سے زیر کرلیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں واپڈا نے پولیس کو 7-2 سے مات دے دی، اسٹیل ملز کیخلاف ریلویز نے بھی 7-5 کے مارجن سے کامیابی کو اپنا مقدر بنایا، محمد رئوف کی ہیٹ ٹرک رائیگاں چلی گئی، نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو 2-0 سے ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن  کے زیر اہتمام مطیع اللہ آسٹروٹرف ہاکی اسٹیڈیم بہاولپور میں بدھ کو منعقدہ میچز میں واپڈا نے پولیس کو  2 کے مقابلے میں 7 گول سے مات دے دی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو پولیس کیخلاف2-1 کی برتری حاصل تھی۔ واپڈا کی طرف سے محمد عثمان نے کھیل کے آٹھویں منٹ میں پہلا گول کیا، جعفر حسین نے کھیل کے 10ویں منٹ میں واپڈا کی برتری دگنی کردی، پولیس کا کھاتہ 24ویں منٹ میں سلیم نے فیلڈ گول کے ذریعے کھول کر مقابلہ 2-1 کردیا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے خاصی تیزی دیکھنے میں آئی اور مجموعی طور پر  چھ گول ہوئے،  واپڈا کی جانب سے  جعفر حسین نے انفرادی طور پر 2 گول کیے جبکہ محمد عثمان، زوہیب اشرف، رانا عمیر، زبیر ریاض اور اعجاز نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا، پولیس کیلیے سلیم کے بعد آصف اقبال نے بھی گول کیا۔

ریلویز نے اسٹیل ملزکو7-5 سے زیر کرلیا، کھیل کے ابتدائی حصے میں ریلویز کو حریف سائیڈ کے خلاف3-1 کی برتری حاصل رہی، ابتدائی 7 منٹ میں اسٹیل ملز کو ریلویز کیخلاف2-0کی برتری حاصل تھی، یہ گول محمد رئوف نے کھیل کے تیسرے اور ساتویں منٹ میں بنائے، بعد ازاں ریلویز نے عمدہ کم بیک کیا اور حریف سائیڈ کے خلاف نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ اسے پہلے ہاف کے ختم ہونے تک3-2 کی برتری بھی حاصل ہوئی، فاتح ٹیم کی طرف سے ذیشان بخاری، اویس، کامران مقصود نے 2، 2 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی جبکہ  خرم شہزاد نے ایک گول کیا، اسٹیل ملز کی جانب سے محمد رئوف نے ہیٹ ٹرک مکمل کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، یاسین انور اورسلطان اشرف نے ایک ایک گول کیا۔نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو یکطرفہ مقابلے میں 2-0 سے ہرایا۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے نہایت شاندار کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ٹیموں کے غیر معمولی دفاع کی وجہ سے پہلے ہاف تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے ہاف میں  نیشنل بینک نے شاندار کھیل پیش کیا اور حریف سائیڈ کے خلاف ابتدائی گول اس وقت کرنے میں کامیاب ہو گئی جب محمد عتیق نے 39ویں منٹ میں بغیر کوئی  غلطی کیے گیند کو جال میں پھینک دیا۔ اس صورت حال کے بعد پورٹ قاسم نے میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی، اس دوران اسے گول کرنے کے چند سنہری مواقع بھی ملے لیکن فارورڈز اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔کھیل کے62ویں منٹ میں  ارسلان قادر نے نیشنل بینک کی جانب سے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو ڈبل کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔