بھارت میں الیکشن کے بعد ہاکی سیریز مزید پیشرفت ہوگی، اختر رسول

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 24 اپريل 2014
قومی کھیل کو بہتری کی طرف گامزن کرنے کیلیے سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوچکے ہیں، اختر رسول فوٹو: فائل

قومی کھیل کو بہتری کی طرف گامزن کرنے کیلیے سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوچکے ہیں، اختر رسول فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اختررسول نے کہا ہے کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی کے معاملات آگے بڑھانے کیلیے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے پلان سے آگاہ کرچکے، پڑوسی ملک میں الیکشن کے مکمل ہونے کے بعد مزید پیش رفت ہوگی، آنے والے ایونٹس کیلیے سلیکٹرزکو میرٹ پر ٹیموں کے انتخاب کی ہدایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ اگر میں بھی اثر انداز ہونے کی کوشش کروں تو روک دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی جونیئر چیمپئن شپ کیلیے منعقدہ ٹرائلز کے موقع پرسیکریٹری اور اولمپئن رانا مجاہد علی کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورلڈ کپ 1982 کی فاتح ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جوہر ٹائون اسٹیڈیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہاکی میں ابھی دم خم موجود ہے، نئے پلیئرزکے ٹیلنٹ کو ضائع ہونے سے بچا لیا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب ہم قومی کھیل کا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے میںکامیاب ہو جائیں گے۔ اختر رسول نے کہا کہ پی ایچ ایف نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ملک بھر میں ٹرائلز کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، میری سلیکٹرز اور کوچز کو ہدایت ہے کہ وہ کسی کی بھی سفارش کی پرواہ کیے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر ٹیموں کا انتخاب کریں، اگر کسی پر بھی سیاسی یا سماجی شخصیت کی طرف سے دبائو ڈالا جائے تو براہ راست مجھ سے بات کرے۔

دوسری طرف ’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاک بھارت ہاکی سیریز کی بحالی کے معاملات آگے بڑھانے کیلیے بھارت میں نئی حکومت کے قیام کا انتظار کرنا پڑے گا، وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے پلان سے آگاہ کرچکے، پڑوسی ملک میں الیکشن کے مکمل ہونے کے بعد مزید پیش رفت ہوگی۔ منیجمنٹ میں تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ہاکی فیملی میں رنجشیں اور دوریاں ختم ہوگئیں، قومی کھیل کو بہتری کی طرف گامزن کرنے کیلیے سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوچکے ہیں، مل جل کر کام کرینگے تو ہاکی ایک بار پھر عروج کی طرف گامزن ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ستمبر، اکتوبر میں کوریا میں شیڈول ایشین گیمز میں اعزاز کا دفاع پہلا ہدف ہوگا،اس ایونٹ کو اولمپکس کوالیفائرز کا درجہ بھی حاصل ہے،ٹائٹل کے حصول کیلیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے کیلیے اس بار اوپن ٹرائلز کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، سلیکٹرز مختلف شہروں سے نیا ٹیلنٹ تلاش کرینگے، جس کے بعد صلاحیتوں کو نکھارنا کوچز کا کام ہوگا، تربیتی کیمپ 3 مئی سے شروع ہوگا، اختر رسول نے کہا کہ پنجاب حکومت سے ساڑھے 6 کروڑ روپے مل گئے، وفاقی حکومت سے بھی فنڈز ملنے کی امید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔