بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں پولنگ

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اپريل 2014
بھارت میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑے اور طویل انتخابی عمل جاری ہے،۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑے اور طویل انتخابی عمل جاری ہے،۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دلی: بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 117 نشستوں پر پولنگ مکمل ہوگئی ہے۔ 

بھارت اور دنیا کی تاریخ کے سب سے بڑے اور طویل پارلیمانی انتخابی عمل میں آج کرناٹک کی 30، مہاراشٹر میں 19، اترپردیش کی 12، مدھیہ پردیش کی 10، بہار اور چھتیس گڑھ کی 7،7، آسام اور مغربی بنگال کی 6،6 ، راجستھان کی 5، جھارکھنڈ کی 4 جبکہ پوڈو چیری اور کشمیر کی ایک ایک نشست کے لئے پولنگ ہوئی ۔ 117 نشستوں پر رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 18 کروڑ سے زیادہ جبکہ 2 ہزار 87 امیدوار میدان میں تھے، جن میں بھارتی اداکارہ ہیما مالنی، سابق کرکٹر محمد اظہر الدین، وزیر خارجہ سلمان خورشید، بی جے پی کی رہنما سشما سوارج اور اترپردیش کی ریاستی حکمران جماعت سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو بھی شامل ہیں۔

2009 کے عام انتخابات میں ان 117 نشستوں میں سے کانگریس 36، بی جے پی نے 26، ڈی ایم کے نے 18، آئی اے آئی ڈی ایم کے نے 9 جبکہ سماج وادی پارٹی نے 5نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس مرتبہ کانگریس کے امیدوار انتہائی پیچھے ہیں اور آج کے انتخابات میں ’’آئی اے آئی ڈی ایم کے‘‘ پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز ہے جس کے بارے میں اس بار مرکز کی سطح پر سیاست میں جانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ آج کا انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد بھارتی ایوان زیریں ’’لوک سبھا‘‘ کی   543 میں سے 349 نشستوں پر پولنگ مکمل گئی، جس کے بعد  30 اپریل، 7 اور 12 مئی کو مزید 3 مراحل  باقی رہ جائیں گے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا اور 16 مئی کو انتخابی نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔