کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے تو ان سے بہتر کارکردگی کی توقع نہیں کی جا سکتی، معین خان

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اپريل 2014
صرف نیٹ پریکٹس سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نہیں چانچا جا سکتا، معین خان

صرف نیٹ پریکٹس سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نہیں چانچا جا سکتا، معین خان

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کا بند ہونا بدقسمتی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں کرکٹ کے حوالے سے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، اس ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے کھلاڑیوں کو صرف تنقید کا نشانہ بناتے رہیں گے تو کبھی بھی کوئی پلیئر آپ کو اچھا نہیں لگے گا اور نہ ہی ان سے بہتر کارکردگی کی توقع کی جا سکتی ہے، کھلاڑیوں کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلا کر ان کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

معین خان نے کہا کہ چیف سلیکٹرز چاہے سینئر ہوں یا جونیئر انہیں کلب کرکٹ کے میچز دیکھنے چاہیئں کیوں کہ کلب کرکٹ سے ہی اچھے کھلاڑی آگے آتے ہیں، صرف نیٹ پریکٹس سے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نہیں چانچا جا سکتا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔