افغان دارالحکومت کابل میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 3 امریکی شہری ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اپريل 2014
پولیس اہلکار اسپتال کے باہرتعینات تھا جس کی فائرنگ سے 3امریکی شہری ہلاک ہوئے جن میں ایک ڈاکٹربھی شامل ہے، وزارت داخلہ۔ فوٹو:اے ایف پی

پولیس اہلکار اسپتال کے باہرتعینات تھا جس کی فائرنگ سے 3امریکی شہری ہلاک ہوئے جن میں ایک ڈاکٹربھی شامل ہے، وزارت داخلہ۔ فوٹو:اے ایف پی

کابل: افغان دارالحکومت میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے 3 امریکی شہریوں کو ہلاک کردیا جس میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی امداد سے چلائے جانے والے کیور انٹر نیشنل اسپتال کے باہر تعینات پولیس اہلکار نے اچانک اندرونی احاطے میں داخل ہوکر امریکی ڈاکٹر اور 2 امریکی باشندوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ سے ایک مقامی شخص بھی زخمی ہوا، فائرنگ کے بعد حملہ آور اہلکار نے فرار ہونے کی کوشش کی تو دوسرے اہلکار کی فائرنگ سے وہ زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے پولیس اہلکار کے ہاتھوں امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور تحقیقات سے قبل واقعہ سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔