اسٹروک اور دل کے امراض کا خطرہ کم کرنے کے لیے تجاویز

غزالہ عامر  جمعرات 24 اپريل 2014
بہت کم یا بہت زیادہ نیند سے دل کی بیماری اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔  فوٹو : فائل

بہت کم یا بہت زیادہ نیند سے دل کی بیماری اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ فوٹو : فائل

حال ہی میں کے گئے چند تحقیقی مطالعات ( اسٹڈیز) میں کچھ ایسی تجاویز دی گئی ہیں جن پر عمل کرنے سے اسٹروک اور دل کے امراض کا خطرہ کافی حد کم ہوسکتا ہے۔

تحقیقی ماہرین کے مطابق ان تجاویز پر عمل کرنے سے دل اور خون کی نالیاں صحت مند رہیں گی۔

ڈارک چاکلیٹ کا استعمال کریں
اسٹڈیز کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے سے اسٹروک اور کارڈیوویسکولر بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ ایک دوسرے جائزے میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ ڈارک چاکلیٹ کم مقدار میں استعمال کرتے ہیں ان میں ایک خاص پروٹین کی سطح کم ہوتی ہے جس کا تعلق سوزش سے ہے۔ ایک دوسری ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ چاکلیٹ کے استعمال سے بلڈپریشر کم ہوتا ہے۔ اس سے نسوں میں پلاک بننے کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔ چاکلیٹ کے فائدے اس میں موجود فلیونائڈز سے ملتے ہیں۔ یہ ایسے مرکبات ہیں جو خلیوں کو نقصان سے بچاتے ہیں۔ یہ مرکبات ڈارک چاکلیٹ میں بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ایک اور جائزے میں پتا چلا ہے کہ ڈارک چاکلیٹ خون میں اے سی ای نامی اینزائم کی موجودگی یقینی بناتا ہے۔ یہ اینزائم خون کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے میں معاون ہوتا ہے۔

ٹریفک کے شور سے دور رہیں
ایک حالیہ جائزے کے مطابق اسٹروک کے خطرے اور ٹریفک کے شور کے درمیان تعلق بتایا گیا ہے۔ ٹریفک کا شور آپ کے خون کی شریانوں پر دباؤ میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے اس کے ساتھ ہی شدید شور شرابے کی وجہ سے آپ کے جسم کے اسٹریس ہارمون کی سطح میں اضافہ بھی ممکن ہوسکتا ہے۔ جس کے نتیجے میں بلڈپریشر بڑھ سکتا ہے۔ بلڈ پریشر کا بڑھنا اسٹروک کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔ لہٰذا دل کو صحت مند رکھنے کے لیے شور شرابے سے دور رہنا ضروری ہے۔

پوری نیند لیں
بہت کم یا بہت زیادہ نیند سے دل کی بیماری اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تحقیقی جائزوں میں پایا گیا ہے کہ جو لوگ رات میں چھ یا کم گھنٹوں تک نیند لیتے ہیں انھیں دل کے امراض لاحق ہونے کا خطرہ عام لوگوں کے مقابلے میں 48 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے لوگوں کے اسٹروک کے ہاتھوں جان سے جانے کا خطرہ بھی دیگر افراد کی نسبت 1.5 فی صد زیادہ ہوتا ہے۔ بہت کم نیند سے بلڈپریشر اور کولیسٹرول بڑھتا ہے۔ ایک جائزے میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ زیادہ نیند بھی دل کے امراض میں ٹھیک نہیں ہے۔ جو لوگ 9 یا اس سے زیادہ گھنٹوں کی نیند لیتے ہیں ان کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے یا مرنے کا ان لوگوں کے مقابلے میں 41 فی صد زیادہ امکان ہوتا ہے جو 7 یا 8 گھنٹے کی نیند لیتے ہیں۔

بلیو بیریز کھائیں
بلیو بیریز، سنترے کے جوس اور بیگن میں اینتھوسایاٹنس نامی اینٹی آکسی ڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ ایک سروے میں دیکھا گیا کہ جن لوگوں نے ہر ہفتہ بلیو بیریز کا ایک بار استعمال کیا تھا ان میں بلیو بیریز نہ کھانے والوں کے مقابلے میں بلڈ پریشر بڑھنے کا خطرہ دس فی صد کم تھا۔ اس سروے کے دوران ایک لاکھ 34 ہزار عورتوں اور 47 ہزار مردوں کی خوراک کا معائنہ کیا تھا۔ جن لوگوں نے اپنی ڈائٹ میں اینتھوسایاٹنس زیادہ مقدار میں لیا تھا ان میں کم مقدار والوں کے مقابلے میں ہائی بلڈپریشر کا خطرہ 8 فی صد کم دیکھا گیا تھا۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہ نکالیں کہ آپ بلیوبیریز کیک کا ہی استعمال کرنے لگیں۔

ڈائٹ سوڈا سے دور رہیں
ایک حالیہ سروے میں پایا گیا کہ ڈائٹ سوڈا کے استعمال سے اسٹروک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ سروے کے مطابق جو لوگ روزانہ ڈائٹ سوڈا پیتے ہیں ان میں اسٹروک اور دل کی بیماریوں کا خطرہ 48 فی صد تک زیادہ ہوتا ہے ان کے مقابلے جو ایسا نہیں کرتے۔ اس تحقیقی جائزے کے پس پردہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سروے ڈائٹ سوڈا اور دل کی بیماریوں کے درمیان صرف تعلق کو ظاہر کرتا ہے نہ کہ وجہ اور اثر کے تعلق کو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔