انڈین بیڈ منٹن لیگ پر غیریقینی کے بادل چھانے لگے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 25 اپريل 2014
آرگنائزرز اب تک دوسرے ایڈیشن کے انعقاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرپائے  فوٹو: فائل

آرگنائزرز اب تک دوسرے ایڈیشن کے انعقاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرپائے فوٹو: فائل

نئی دہلی: انڈین بیڈمنٹن لیگ کو غیریقینی کے بادلوں نے لپیٹ میں لے لیا، آرگنائزرز اب تک رواں برس دوسرے ایڈیشن کے انعقاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرپائے ہیں، مصروف انٹرنیشنل کیلنڈر کی وجہ سے اس کے آغازمیں تاخیر ہوسکتی ہے ، ایونٹ 30 ستمبر سے 15 اکتوبر تک ہونا ہے ، بی اے آئی اس بارے میں مئی کے نصف میں فیصلہ کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق انڈین بیڈمنٹن لیگ آرگنائزرز نے گذشتہ جمعرات بتایا ہے کہ وہ  اب تک رواں برس ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد پر کوئی فیصلہ نہیں کرپائے ہیں ، اطلاعات ہیں کہ مصروف انٹرنیشنل کیلنڈر کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ گذشتہ برس بیڈمنٹن پاورہاؤس چین کی عدم شرکت کے باوجود کامیاب افتتاحی ایونٹ کی لاکھوں ڈالر مالیت والی فرنچائزڈ لیگ کو 30 ستمبر سے 15 اکتوبر تک منعقد ہونا ہے ۔ لیکن اگست میں ڈنمارک میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپس اور 19 ستمبر سے 4 اکتوبر جنوبی کوریا میں ہونیوالے ایشین گیمز کی وجہ سے ممتاز پلیئرز کی عدم موجودگی سے آرگنائزرز کیلیے مسائل پیدا ہورے ہیں۔ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) اس بارے میں مئی کے نصف میں فیصلہ کرے گی ۔

توقع ہے کہ لیگ کے انعقاد میں جنوری اور فروری کے آف سیزن تک تاخیر ہوسکتی ہے۔ بی اے آئی پریذیڈنٹ اکھیلیش داس گپتا کہتے ہیں کہ ہمیں اب تک ٹورنامنٹ کے انعقاد پر یقین نہیں ہے، ہم اس پر کام کررہے ہیں ، رواں برس انتہائی مصروف شیڈول سامنے ہے۔ بیڈمنٹن کے مالدار ایونٹ کے ناطے گذشتہ برس اگست میں ہونیوالی افتتاحی لیگ نہ صرف پلیئرزکیلیے قیمتی ثابت ہوئی بلکہ کرکٹ کے شوقین ملک میں اس اسپورٹ کا معیار بھی بلند ہوا ۔ بزنس ہاؤسز اور بااثر افراد کی خریدی ہوئی 6 ٹیموں میں ملائیشیا کے نمبر ون لی چونگ وائی سمیت دنیا بھر کے پلیئرز موجود تھے ۔ نئی دہلی آئندہ ماہ بیڈمنٹن کے پریمیئر ٹیم ایونٹس ، مردوں کا تھومس کپ اور خواتین کیلیے اوبر کپ منعقد کررہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔