بھارت کوپسندیدہ قراردینے کی خبر پرسینیٹ کمیٹی کا اظہار تشویش

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 25 اپريل 2014
زرعی بینک نے 5 سال کے واجبات ادا نہیں کیے، نادہند قراردے سکتے ہیں، اسٹیٹ بینک حکام ۔ فوٹو: فائل

زرعی بینک نے 5 سال کے واجبات ادا نہیں کیے، نادہند قراردے سکتے ہیں، اسٹیٹ بینک حکام ۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظ قومی خوراک و تحقیق نے بھارت کوپسندیدہ ترین ملک قراردیے جانے کے امکان پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی کاشت کار شدید مشکلات کاشکارہوجائیں گے۔

جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایاگیاکہ زرعی بینک نے گزشتہ5 سال کے واجبات ادانہیں کیے اگربینک نے واجبات بروقت ادانہ کیے تواسٹیٹ بینک اسے نادہند قرار دے سکتاہے۔ جمعرات کوسینیٹ کمیٹی کااجلاس سیدمظفرحسین کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرسکندربوسن اوردیگرحکام نے شرکت کی۔ چیئرمین نے کہا کہ بھارت کوپسندیدہ ملک قراردیے جانے سے پاکستانی کاشت کارشدیدمشکلات کاشکارہوجائیں گے۔ کمیٹی کو بتایا گیاکہ خریف میں80 لاکھ ایکڑپرکپاس کی فصل کاشت کی جائے گی ۔

جس کے لیے40 ہزارمیٹرک ٹن بیج کی ضرورت ہوگی۔ کمیٹی نے وزارت کوہدایت کی کہ حکومت ترجیحی بنیادپر فرٹیلائزر سیکٹرکوگیس فراہم کرے۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ 2014-15 کے بجٹ میں کسانوں کوخصوصی ریلیف فراہم کرنے کیے اقدام کیے جائیں۔ سیکریٹری وزارت سیرت اصغر نے بتایاکہ ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں زرعی شعبے کیلیے بھاری سبسڈی کی سمری تیارکرلی ہے جسے منظوری کیلیے پیش کیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔