عراق میں چیک پوسٹ پر کاربم دھماکا، 11 افراد جاں بحق،27 زخمی

آئی این پی  جمعـء 25 اپريل 2014
ہلاک ہونے والوں میں4 پولیس اہلکار اور 7شہری شامل ہیں، اردگرد کھڑی 15 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

ہلاک ہونے والوں میں4 پولیس اہلکار اور 7شہری شامل ہیں، اردگرد کھڑی 15 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش کاربم دھماکے میں11 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے فلوجہ میں فضائی کارروائی میں39 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ بغداد سے95 کلومیٹر دور جنوب میں شیعہ اکثریتی شہر ہلہ میں پیش آیا جہاں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں11 افراد ہلاک اور27 زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں4 پولیس اہلکار اور 7شہری شامل ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں اردگرد کھڑی 15 گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبے انبار میں عسکریت پسندوں کے زیر قبضہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، انبار میں مشترکہ کمانڈ نے دعویٰ کیا کہ فلوجہ میں فضائی کارروائی کے دوران آئی ایس آئی ایل کے39 عسکریت پسند مارے گئے۔ عراق میں پارلیمانی انتخابات میں صرف 5 دن باقی رہ گئے ہیں اور پرتشدد واقعات میں تیزی آتی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 2013میں ملک میں پرتشدد واقعات میں 8868 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ رواں سال پہلے 2 ماہ میں 1400 سے زائد افرادہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں2011سے امریکی انخلا کے بعدبدھ کو پہلی مرتبہ پارلیمانی الیکشن ہورہے ہیں جس میں328 نشستوں پر 9 ہزار سے زائد امیدوار حصہ لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔