صوابی میں گاڑی پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اپريل 2014
وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

صوابی: تھانہ یار حسین کی حدود میں گاڑی پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک خاندان کے افراد پک اپ گاڑی پر صوابی سے پشاور جا رہے تھے کہ نا معلوم افراد نے تھانہ یار حسین کی حدود میں ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو صوابی اور مردان کے اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب مقتولین کے ورثا نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا جس کے باعث صوابی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

وزیر اعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختون خوا ناصر درانی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جب کہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔