فلمسازی میں نئے آنیوالے بہتر کام کررہے ہیں، جاوید شیخ

کلچرل رپورٹر  جمعرات 10 جولائی 2014
’’سلطنت‘‘ عید پر ریلیز ہوگی، ’’سایہ خدائے ذوالجلال‘‘ اور ’’ نامعلوم افراد‘‘ زیرتکمیل ہیں، جاوید شیخ  فوٹو: فائل

’’سلطنت‘‘ عید پر ریلیز ہوگی، ’’سایہ خدائے ذوالجلال‘‘ اور ’’ نامعلوم افراد‘‘ زیرتکمیل ہیں، جاوید شیخ فوٹو: فائل

لاہور: اچھی فلموں کا دور لوٹ رہا ہے، فلم میکنگ میں نئے آنیوالے بہتر کام کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سنیئر اداکار جاوید شیخ نے ’’نمائندہ ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جاوید شیخ نے کہا معیاری فلم کو ہمیشہ پذیرائی ملتی ہے، بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں بھی ہرسال بے شمار فلمیں بنتی ہیں مگر ان میں سے چند ایک ہی فلمیں ہوتی ہیں جنھیں باکس آفس پر سراہا جاتا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری 80ء تک یادگار دور تھا جس میں ہماری بنائی جانیوالی فلموں اور ان کے گانوں کو بالی ووڈ میں کاپی کیا گیا، اس دور میں سوشل، ایکشن سمیت ہر موضوع پر فلمیں بنائی گئیں، پھر ہم نے اپنے ہیرو کے ہاتھ میں گنڈاسہ اور پھر کلاشنکوف تھما دی جس نے فلم بینوں کو سینماؤں میں آنا ہی چھوڑ دیا۔

جاوید شیخ نے کہا نئے لوگ باصلاحیت ہیں اور وہ متاثر کن کام کرنے کے لیے محنت کر رہے ہیں۔ اس وقت ’’سایہ خدائے ذوالجلال‘‘ اور ’’ نامعلوم افراد‘‘ زیر تکمیل ہیں جب کہ ایک فلم ’’سلطنت‘‘ عیدالفطر پر ریلیز ہورہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پروڈیوسر ڈائریکٹر نئی فلم کے پروجیکٹ پر جلد ہی کام شروع کرنے والا ہوں جس میں نئے چہرے متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔