ایف آئی اے کا طاہرالقادری کے مالی وسائل کی تحقیقات کیلئے انٹرپول کو خط

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جولائی 2014
طاہر القادری نے غیرآئینی اقدام سے منتخب حکومت ختم کرنے کی دھمکی دی ہے،ایف آئی اے کا خط میں متن،

فوٹو:فائل

طاہر القادری نے غیرآئینی اقدام سے منتخب حکومت ختم کرنے کی دھمکی دی ہے،ایف آئی اے کا خط میں متن، فوٹو:فائل

اسلام آباد: ایف آئی اے نے ڈاکٹرطاہرالقادری کے مالی وسائل کی تحقیقات کے لئے انٹرپول کو خط لکھا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے پاکستان عوامی تحریک کےسربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے مالی وسائل کی تحقیقات کے لئے انٹرپول کو خط لکھا ہے جب کہ ساتھ ہی ایف آئی اے نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی ایک خط لکھا ہے جس میں منہاج القرآن ولاز اسٹریٹ ہوسٹن اور البستار فرینکفرٹ کی معلومات بھی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ایف آئی کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کو بھی ایک خط لکھا گیا ہے جس میں ادارہ منہاج القرآن اور اس سے منسلک ادارے چلانے والوں کے ٹیکس آڈٹ کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے لکھے گئے خطوط  کے متن میں کہا گیا ہے  کہ طاہر القادری نے غیرآئینی اقدام سے منتخب حکومت ختم کرنے کی دھمکی دی ہے اور وہ ریلیوں کے ذریعے منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ طاہرالقادری نے گزشتہ سال 13 جنوری سے 4 دن تک اسلام آباد میں دھرنا دیے رکھا تھا جس سے نہ صرف وفاقی دارالحکومت میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئیں بلکہ معمولات زندگی بھی مفلوج ہوکر رہ گئے تھے جبکہ ملک میں عدم استحکام کے لئے طاہرالقادری یہ عمل دوبارہ دہرانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔