کراچی آپریشن؛ الطاف حسین کے تحفظات پر کور کمانڈر کا 6 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 جولائی 2014
کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جانے والا آپریشن غیر جانبدارانہ نہیں، الطاف حسین   فوٹو: فائل

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جانے والا آپریشن غیر جانبدارانہ نہیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

لندن: کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے تحفظات پر کور کمانڈر کراچی نے 6 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد الطاف حسین نے آرمی چیف کو اس حوالے سے خط لکھنے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے آپریشن کے حوالے سے کور کمانڈر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، الطاف حسین کی شکایات سننے کے بعد سجاد غنی نے 6 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جو ایم کیو ایم کی آپریشن کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لے گی اور اس میں اداروں کے 3 حکام اور ایم کیو ایم کے 3 اراکین شامل ہوں گے۔

اس سے قبل الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ خط مجبور ہوکر لکھ رہے ہیں کیونکہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جانے والا آپریشن غیر جانبدارانہ نہیں اور اس میں لسانی بنیادوں پر اردو بولنے والوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنان کا بلاجواز قتل، اغوا، تشدد، ماورائے عدالت قتل اور پے درپے گرفتاریاں ہورہی ہیں اور شہر میں رینجرز کے ہاتھوں لسانی بنیاد پر اردو بولنے والے کارکنوں کا قتل، اغوا، تشدد ہورہا ہے جس کی مزید معلومات وہ آئندہ خطوط لکھ کر دیتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔