محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم علیؓ پر 8 اضلاع کو حساس قرار دے دیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جولائی 2014
حساس اضلاع میں جلوس کے آغاز سے اختتام تک موبائل فون سروس مکمل بند رہے گی،ذرائع، فوٹو: فائل

حساس اضلاع میں جلوس کے آغاز سے اختتام تک موبائل فون سروس مکمل بند رہے گی،ذرائع، فوٹو: فائل

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم حضرت علیؓ پر صوبے کے 8 اضلاع کو حساس قرار دیتے ہوئے وہاں موبائل فون سروس بندرکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے یوم علیؓ کے موقع پر لاہور،قصور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ ،جہلم ،سرگودھا اور گجرات کو حساس قرار دیا ہے جبکہ اس موقع پر لاہور سمیت سرگودھا،مظفر گڑھ ،جہلم اور نارووال میں موبائل فون سروس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پنجاب کے 22 اضلاع میں موبائل فون سروس جلوس کے روٹس پر بند رہے گی اور حساس اضلاع میں جلوس کے آغاز سے اختتام تک موبائل فون سروس مکمل بند رہے گی جبکہ لاہور اور گوجرانوالہ میں دفعہ 144 نافذ کرکے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

لاہور میں یوم علیؓ کے موقع پر 783 مقامات پر مجالس عزا برپا ہوں گی جبکہ ماتمی جلوس اتوار کی صبح مبارک حویلی سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام 7 بجے کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ ماتمی جلوس کی سکیورٹی کیلئے 10 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے اس کے علاوہ سیکڑوں سادہ لباس اہلکار بھی اس دوران فرائض انجام دیں گے جبکہ اہم عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔سکیورٹی پلان کے تحت جلوس کے شرکا کو ایک ہی راستے سے اندرجانے کی اجازت ہوگی اور چار مختلف مقامات پر شرکا کی تلاشی لی جائے گی جبکہ عوام کو گھرکی کھڑکیوں اور چھتوں سے جلوس دیکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب انتظامیہ نے یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت ماتمی جلوس کے دوران چیٹرجی چوک، اردو بازار،ٹیکسالی اور اندرون دہلی گیٹ کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیئے جائیں گے۔ شاہدرہ اور راوی پل سے شہر میں داخل ہونے والا ٹریفک آزادی فلائی اوور سے ریلوے اسٹیشن کی جانب موڑ دیا جائے گا جبکہ اس موقع پر نگرانی کیلئے 2 ایس پیز کی ،4 ڈی ایس پیز، 18انسپکٹرز اور537 ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔