پولیس نے بھتہ خوراور اغوا کاروں سمیت 470 ملزم گرفتارکرلیے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 جولائی 2014
پولیس مقابلوں میں49مجرم ہلاک کردیے گئے، رمضان کے2عشروں کی رپورٹ جاری فوٹو: فائل

پولیس مقابلوں میں49مجرم ہلاک کردیے گئے، رمضان کے2عشروں کی رپورٹ جاری فوٹو: فائل

کراچی: رمضان المبارک کے دوران جرائم کیخلاف پولیس نے مربوط اور منظم کارروائیوں کے دوران 14بھتہ خوروں، 9اغوا کاروں سمیت470 ملزمان کو گرفتار کر کے8 سب مشین گن، 2 شاٹ گن، 6 رائلفیں، 315 پستول، ریوالور ، ماؤذر، 1060کارتوس ، ایک خودکش جیکٹ ، ایک بم تیار حالت میں اور23 دستی بم برآمد کرلیے۔

رمضان کے 2 عشروں کی پولیس رپورٹ قائم مقام آئی جی سندھ کو پیش کردی گئی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے مابین مختلف تھانوں کی حدود میں77 پولیس مقابلوں میں رنگے ہاتھوں21 اسٹریٹ کریمنلز سمیت337 ڈاکو، 3 دہشت گردوں، 103 مفرور اور6اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس مقابلوں میں مجموعی طور پر 49 ملزمان ہلاک ہوئے،پولیس کارروائیوں میں شہر سے جرائم پیشہ عناصر کے44گروہ ختم کردیے گئے ۔

سکھر، حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بینظیر آباد میں پولیس اور رینجرز نے مختلف تھانوں کی حدود میں 76 مقابلوں میں رنگے ہاتھوں97 اسٹریٹ کریمنلز، 171 ڈاکوؤں سمیت ہائی ویز پر لوٹ مار میں ملوث 5 ملزمان،  534 مفرور اور 60 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا ہے مجموعی طور پر867 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس میں2 ڈکیت اور 3 پتھاریدار شامل ہیں اس دوران پولیس کارروائیوں میں 10 ڈکیت اور 4 اغوا کار ہلاک ہوئے، گرفتار ملزمان سے21 ایس ایم جیز، 43 شاٹ گنز ، ریپیٹرز،7 رائفلیں ، 122پستول، رائفلیں ، ماؤذراور 849 کارتوس برآمد ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔