فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت پر سلینا گومز بھی خاموش نہ رہیں

ویب ڈیسک  اتوار 20 جولائی 2014
میں کسی ایک فریق کےساتھ نہیں بلکہ امن اور انسانیت کے لیے دعا گو ہوں، سلینا گومز فوٹو؛فائل

میں کسی ایک فریق کےساتھ نہیں بلکہ امن اور انسانیت کے لیے دعا گو ہوں، سلینا گومز فوٹو؛فائل

نیویارک: نہتے فلسطینیوں پر صیہونی فورسز کی سفاک بربریت کے خلاف امریکی گلوکارہ سلینا گومز بھی خاموش نہ رہ سکیں اور انہوں نے اپنے ایک بیان میں غزہ کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔

امریکا کی معروف پاپ گلوکارہ سلینا گومز نے اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ غزہ کے مظلوم شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ انسانیت کا تقاضہ یہی ہے کہ اس وقت غزہ کے لئے دعا کی جائے جب کہ ان خاندانوں اور بچوں کے لیے بھی دعا کی جائے اس جنگ کے نتیجے میں متاثر ہوئے ہیں اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ زندگی میں کیا چیز اہمیت رکھتی ہے، ہم سب یہاں ایک دوسرے کی مدد اور ایک دوسرے سے پیار و محبت کرنے لئے ہیں، ہمیں یہ تبدیلی لانی ہوگی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ میں کسی ایک فریق کےساتھ نہیں بلکہ امن اور انسانیت کے لیے دعا گو ہوں۔

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکی پاپ گلوکارہ سلینا گومز کے اس بیان کو جہاں سیکڑوں لوگوں نے سراہا وہیں ان کے کئی یہودی مداحوں نے اس پر شدید تنقید بھی کی اور احتجاجاً انہوں نے سلینا کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فالو کرنا چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 13 روز سے اسرائیل کی بے لگام فوج کی جانب سے غزہ میں فضائی اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں اب تک 425 افراد شہید جب کہ ہزاروں زخمی اور معزور ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔