عیدالفطر تعطیلات، بینکوں کو بلاتعطل خدمات فراہم کرنے کی ہدایت

بزنس رپورٹر  منگل 22 جولائی 2014
اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے بینکوں میں شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں،اسٹیٹ بینک۔  فوٹو: فائل

اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے بینکوں میں شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے جائیں،اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کیلیے بینکوں میں شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بینکوں سے کہاہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم سروس بحال رکھنے کیلیے مشینوں میں رقم کا مناسب اسٹاک مہیا کیا جائے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو جاری کردہ سرکلرکے مطابق صارفین کو عید کی تعطیلات میں خدمات کی بلاتعطل فراہمی اور اے ٹی ایم میں رقوم کی چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنائی جائے، اے ٹی ایم میں ہارڈ ویئر یا سافٹ ویئر مسائل، بجلی کی عدم دستیابی اور نیٹ ورک و کنیکٹیوٹی سے متعلق مسائل کا بھی تدارک کیا جائے۔ بینکوں کو پابند کیا گیا ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق شکایات کے ازالے کیلیے خصوصی ہیلپ ڈیسک یا رابطے کے مرکز قائم کیے جائیں جہاں سے اے ٹی ایم سے متعلق مسائل کی چوبیس گھنٹے نگرانی اور شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق شکایتی مراکز اور ہیلپ ڈیسک کے رابطے کے نمبر تمام اے ٹی ایم بوتھز میں آویزاں کیے جائیںاورانھیں عید کی تعطیلات سے قبل اخبارات کے ذریعے مشتہر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ اے ٹی ایم سے متعلق ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنیوالے بینکوں کیخلاف PS&EFT ایکٹ کے سیکشن 74کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔