اے وی سی سی اور سی پی ایل سی کی کارروائی، مغوی بچہ بازیاب

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جولائی 2014
شاہ فیصل کالونی سے بازیاب کرایا جانیوالا بچہ احمد چنائے کے ہمراہ کھڑا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

شاہ فیصل کالونی سے بازیاب کرایا جانیوالا بچہ احمد چنائے کے ہمراہ کھڑا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے شاہ فیصل کالونی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 10سالہ مغوی بچہ بازیاب کرالیا۔

کارروائی کے دوران ایک اغوا کار کو گرفتار کر لیا گیا، مغوی بچے کو 19جولائی کو ڈیفنس فیز4 سے اغوا کیا گیا تھا اور رہائی کے لیے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیاتھا ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک مکان میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 10سالہ مغوی بچے عبداﷲ ولد سلیم خان کو بحفاظت بازیاب کرالیا جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک اغوا کار محبوب علی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے مکان میں موجود اغوا کار کی اہلیہ 2 سالہ بچہ اور والد کو بھی حراست میں لے لیا گیا جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ، اے وی سی سی اور سی پی ایل سی حکام کے مطابق مغوی عبداﷲ بلوچ کالونی فیلکن سوسائٹی میں رہائش پذیر ہے جبکہ اس کے والد سنار ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ مغوی بچے کو19 جولائی کو ڈیفنس فیز4 میں واقع بیت الاسلام مسجد کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا اور ملزمان نے مغوی بچے کی رہائی کے لیے پہلے مرحلے میں اہلخانہ سے ایزی پیسے کے ذریعے ایک لاکھ روپے طلب کیے تھے جو انھوں نے اغوا کاروں کو ادا کر دیے تھے اس کے بعد اغوا کاروں نے بچے کی رہائی کیلیے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا تاہم اینٹی وائیلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب کرا لیا، حکام کے مطابق 13روز کے دوران 9 مشترکہ آپریشن کے دوران اغوا کیے گئے 13 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے اور اس دوران ملزمان کو کسی بھی قسم کا تاوان ادا نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔