کے الیکٹرک نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھادیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جولائی 2014
 رمضان المبارک کے آخری عشرے میں غیر اعلانیہ طور پر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے۔
فوٹو:فائل

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں غیر اعلانیہ طور پر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے۔ فوٹو:فائل

کراچی: کے الیکٹرک نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں شہر میں کی جانے والی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیر اعلانیہ اضافہ کردیا ہے۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کیلیے بجلی کی فراہمی معطل کی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی 3 سے ساڑھے 4 گھنٹے کیلیے بجلی کی فراہمی بند کی جاتی ہے، سحر اور افطار کے دوران بھی بجلی کی فراہمی نہیں کی جاتی، تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران سحر اور افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اپنے اعلان پر عمل درآمد نہ کرنے کے بعد رمضان المبارک کے آخری عشرے میں غیر اعلانیہ طور پر لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اضافی لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر کچی آبادیوں میں رہائش پذیر شہر کی 40 آبادی ہوگئی جبکہ کچی آبادیوں سے متصل متوسط طبقے کی آبادیاں بھی یکساں طور پر اضافی لوڈشیڈنگ کا شکار بنے گیں جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنی امیر اور اپر مڈل کلاس کے رہائشی علاقوں بھی ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی مرحلہ وار لوڈشیڈنگ شروع کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی انتظامیہ نے اس سلسلے میں آنے والی عوامی ردعمل سے بچنے کیلیے لوڈشیڈنگ میں اضافے کے اعلان سے گریز کیا ہے اور اضافی لوڈشیڈنگ کا سارا بوجھ ایسے رہائشی علاقوں پر ڈال دیا ہے جن کی اقتدار کے ایوانوں تک کوئی رسائی نہیں ہے، ذرائع نے بتایا کہ اضافی لوڈشیڈنگ سے متاثر ہونے والے علاقوں میں اورنگی ٹائون، بلدیہ ٹائون، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلستان جوہر، صفورا گوٹھ، کیماڑی، مسان، کیماڑی، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، قائد آباد،سلطان آباد، منگھوپیر، مواچھ گوٹھ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔