غیر معیاری گیس سلنڈر لگی 171 گاڑیوں کا چالان، 15 ناقص گیس سلنڈر ضبط

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جولائی 2014
عوام کی جان کی حفاظت کیلیے رعایت سے کام نہ لیا جائے، سیکر یٹری آر ٹی اے کو ہدایت، ٹرانسپورٹر ناقص سلنڈر خود ہٹادیں، کمشنر۔ فوٹو: فائل

عوام کی جان کی حفاظت کیلیے رعایت سے کام نہ لیا جائے، سیکر یٹری آر ٹی اے کو ہدایت، ٹرانسپورٹر ناقص سلنڈر خود ہٹادیں، کمشنر۔ فوٹو: فائل

کراچی: پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر میعاری سی این جی سلنڈرز کے استعمال کے باعث حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے سیکر یٹری آر ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ افسران کا اجلاس طلب کرلیا۔

اجلاس سے خطاب میں کمشنر نے کہا کہ غیر معیا ری زائد المیعاد اور گاڑی کے ممنوعہ مقام میں سی این جی سلنڈرز رکھنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف وفاقی اور صوبائی اداروں کے ہمراہ کارروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میںاب تک171 گاڑیوں کا چالان کیاگیا ایک لا کھ 15 ہزار 800  روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 15 سی این جی سلنڈرز اترواکر ضبط کرلیے گئے۔

سیکریٹری آر ٹی اے منشاد علی نے اجلاس کو بتایا کہ غیر معیاری اور زائد المیعاد سی این جی سلنڈرز استعمال کرنے والے پبلک ٹرانسپورٹرز کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری ہے جن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ، ٹریفک  سیکشن انچارج ، ہائیڈرو کاربن ڈپارٹمنٹ کے افسران شامل ہوتے ہیں اور روزانہ غیر معیاری سلنڈرز اور ممنوعہ مقامات پر لگائے جا نے والے سلنڈرز پبلک ٹرانسپورٹ سے نکال کر ضبط کیے جا تے ہیں اور خلاف ورزیوں پر چالان کیے جا تے ہیں۔

کمشنر نے سیکریٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ عوام کی جان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی رعایت سے کام نہ لیا جا ئے چیکنگ کو مزید موثر بنایا جائے،کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ انسانی جا نوں کی حفاظت کے لیے ٹرانسپورٹ نمائندے فوری طور پر غیر معیا ری، زائدالمیعاد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ممنوعہ مقامات پر نصب کیے گئے سی این جی سلنڈرز خود ہٹادیں، اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی  ون محمد اسلم کھوسو ، سیکریٹری آر ٹی اے منشاد علی اور ڈائر یکٹرمیڈیا کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی کے علاوہ دیگر افسران بھی شریک تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔