بس دھماکا: سلنڈر اور بس فٹنس کی تفتیش ہوگی، ایس ایس پی

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جولائی 2014
ہرزاویئے سے تفتیش ہوگی، ذمے داروں کوکیفرکردارتک پہنچایاجائیگا، مقدس حیدر۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ہرزاویئے سے تفتیش ہوگی، ذمے داروں کوکیفرکردارتک پہنچایاجائیگا، مقدس حیدر۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

کراچی: راشد منہاس روڈ پر سی این جی اسٹیشن پر کھڑی بس میں گیس بھرتے وقت سلنڈر پھٹنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ بس میں سلنڈر دھماکے کے واقعے کی ہر زاویئے سے تفتیش کی جائے گی اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، تفصیلات کے مطابق پیر کو ایف بی صنعتی ایریا تھانے کی حدود راشد منہاس روڈ پر واقع فضل ملز کے قریب قائم پمپ پر6 نمبر روٹ کی بس میں گیس بھرتے وقت گیس سلنڈر زور دھماکے سے پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں مذکورہ بس کا مالک اور ڈرائیور اکبر ، سی این جی گیس بھرنے والا پمپ کا ملازم شکیل اور ایک نجی فیکٹری کا ملازم فیصل جاں بحق جبکہ6افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں ایف بی صنعتی ایریا تھانے میں درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے، ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدرکا کہنا ہے کہ بس میں گیس سلنڈر دھماکے کی ہر زاویے سے تفتیشی کی جائے گی مذکورہ روٹ پر بسیں چلانے والے سپر وائزر سے پوچھ گچھ کی جائے گی جبکہ بس میں نصب سی این جی سلنڈر اور بس کی فٹنس سرٹیفکیٹ کی تفتیش کی جا ئے گی جبکہ اس بات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا کہ جس وقت پمپ میں کھڑی بس میں گیس بھرتے وقت دھماکا ہوا اس وقت پمپ پر گیس کا پریشر کتنا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔