کام ویلتھ گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج سجے گی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 23 جولائی 2014
6 ہزار 500 ایتھلیٹس اور آفیشلز گلاسگو کے گیمز ولیج میں براجمان، کل19 گولڈ میڈلز کیلیے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ فوٹو: فائل

6 ہزار 500 ایتھلیٹس اور آفیشلز گلاسگو کے گیمز ولیج میں براجمان، کل19 گولڈ میڈلز کیلیے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ فوٹو: فائل

گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج  سیلٹک پارک میں سجائی جائے گی،انتظامیہ نے شاندار انعقادکی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اب تک ہزاروں ایتھلیٹس اور آفیشلز گلاسگو پہنچ چکے ہیں۔

گذشتہ روز بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، بھارت اور سنگاپور کی ٹیموں سمیت25 ممالک کے1ہزار ایتھلیٹس پہنچے، مجموعی طور پر تقریباً 6 ہزار 500 ایتھلیٹس اور آفیشلز گلاسگو کے ایسٹ اینڈ میں واقع گیمز ولیج میں براجمان ہوچکے ہیں، ولیج میں ہر ٹیم کیلیے ایک خیرمقدمی تقریب منعقد ہوتی ہے جس میں رگبی کے عظیم کھلاڑی گیون ہیسٹنگز ، اسکاٹ لینڈ کے انتہائی کامیاب اولمپئن سر کرس ہوئے اور جمناسٹکس کے سب سے پہلے گولڈ میڈلسٹ اسٹیو فریو شامل ہو چکے۔

بدھ کو تمام ٹیمیں2 ہزار کاسٹ ارکان اور40 ہزارمیزبان شہریوں کے ساتھ افتتاحی تقریب میں شریک ہوں گے، اسے دنیا بھر کے1.5 بلین سے زائد افراد براہ راست ٹیلی ویژن اسکرینز پر دیکھ سکیں گے۔ افتتاحی تقریب کو ایک شاندار جشن کے طور پر پیش کرنے کا وعدہ کیا گیا جو حیرت انگیز مناظر پر مشتمل ہوگی، ہزاروں والنٹیئرز دنیا بھر میں مشہور روڈ اسٹیوارٹ، سوسان بوائلے اور نکولا بینیڈیٹی کے ساتھ شہر کو کامن ویلتھ کو اسکاٹ لینڈ کے سب سے بڑے کھیلوں کے جشن میں خوش آمدید کہنے میں مدد کریں گے۔ ڈریس ریہرسل کے موقع پر آرگنائزرز نے تقریب کیلیے کچھ اشارے دینے کے ساتھ مزید حیرت انگیزیوں کا وعدہ کیا۔

سیلٹک پارک فٹبال گراؤنڈ کو خوبصورت طریقے سے سجایا گیا ہے، شہر بھر میں ناظرین کی سہولت کیلیے یورپ کی سب سے بڑی ایل ای ڈی اسکرین جنوبی اسٹینڈ میں نصب کی گئی ہے جو 100 میٹر لمبی ، 11 میٹر اونچی اور 38 ٹن وزنی ہے۔ خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ ایک اسٹیج فلور بھی تعمیر کیا گیا جو پوری پچ کو کور کرتا ہے، اس میں ایتھلیٹس کی پریڈ کیلیے خصوصی ڈیزائن شدہ ایک رنگارنگ واک اوے بھی شامل ہے۔ بدھ کو سیلٹک پارک پر صرف افتتاحی تقریب ہوگی جبکہ جمعرات کو 19 میڈلز کیلیے مقابلے ہونے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔