سعودی عرب میں کروڑ پتی بھکاری، پرآسائش گھر اور جدید ترین گاڑی کا مالک

ویب ڈیسک  بدھ 23 جولائی 2014
بھکاری اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ہمراہ سعودی عرب کے پڑوسی ملک سے یہاں صرف گداگری کے لئے آیا تھا۔ فوٹو: فائل

بھکاری اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ہمراہ سعودی عرب کے پڑوسی ملک سے یہاں صرف گداگری کے لئے آیا تھا۔ فوٹو: فائل

ریاض: وطن عزیز میں رمضان المبارک کے ہر بڑے شہر میں چہار سو بھکاری ہی نظر آتے ہیں  یہ صورتحال صرف پاکستان پر ہی موقوف نہیں بلکہ سعودی عرب میں بھی گداگری اتنا منافع بخش پیشہ ہے کہ اس مبارک ماہ ہزاروں لوگ صرف بھیک مانگنے دوسرے ملکوں سے آتے ہیں اور کروڑ پتی بن کر جاتے ہیں۔

دنیا کے کئی ملکوں کی طرح سعودی عرب میں بھی بھیک مانگنا قانون کی رو سے جرم ہے لیکن یہاں دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد ارض مقدس میں صرف بھیک مانگنے ہی آتی ہے، گزشتہ دنوں سعودی حکام نے ایک بھکاری کو گرفتار کیا تو تفتیش سے پتہ چلا کہ وہ اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ہمراہ سعودی عرب کے پڑوسی ملک سے یہاں صرف گداگری کے لئے آیا ہے۔

سعودی پولیس کے ترجمان فہد الغنن کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ گرفتار کیا گیا شخص اپنے خاندان کے ہمراہ ینبع نامی ایک شہر میں واقع جدید ترین سہولیات اور آسائشوں سے مزین گھر میں رہائش پزیر ہے، جہاں کارروائی کی گئی تو وہاں سے مختلف بینکوں کی رسیدیں برآمد ہوئیں جس سے پتہ چلا کہ اس کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ ریال سے زائد رقم ہے جسے پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ مہنگی ترین گاڑی بھی اس کی ملکیت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔