بھارتی فوج کی شکرگڑھ سیکٹرمیں بلا اشتعال فائرنگ سے ایک اور پاکستانی شہری شہید

ویب ڈیسک  بدھ 23 جولائی 2014
2 روز قبل بھی بھارت کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ اور معراج کے سیکٹرز میں فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو جاں بحق کر دیا تھا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

2 روز قبل بھی بھارت کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ اور معراج کے سیکٹرز میں فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو جاں بحق کر دیا تھا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

شکر گڑھ: بھارت کی سرحدی فورس نے ایک بار کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کرکے ایک اور پاکستانی شہری کو شہید کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت کی سرحدی سیکیورٹی فورس نے لائن آف کنٹرول پر شکر گڑھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو شہید کردیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افتخار نامی شخص جس کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا غلطی سے سرحد عبور کر گیا جس پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں افتخار کو 4 گولیاں سینے میں لگیں، بھارتی فوجی پاکستانی شہری کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئے جہاں اس کی موت واقع ہو گئی اور پھر بھارتی حکام نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش پاکستان رینجرز کے حوالے کر دی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی بھارت کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ اور معراج کے سیکٹر میں فائرنگ کر کے ایک پاکستانی شہری کو جاں بحق جب کہ 2 خواتین سمیت 3 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔