ٹیکس ہدف حاصل کرلیں گے، قائم مقام چیئرمین ایف بی آر

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 24 جولائی 2014
اسلام آباد: ایف بی آر کے قائم مقام چیئرمین شاہد حسین اسد ٹیکس نظام میں فنانس ایکٹ 2014 کے ذریعے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کی آگہی کیلیے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے ہیں۔  فوٹو: این این آئی

اسلام آباد: ایف بی آر کے قائم مقام چیئرمین شاہد حسین اسد ٹیکس نظام میں فنانس ایکٹ 2014 کے ذریعے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کی آگہی کیلیے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: این این آئی

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے قائم مقام چیئرمین شاہد حسین اسد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے مقررہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ٹیکس کے نظام میں فنانس ایکٹ 2014 کے ذریعے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے بارے میں آگہی کے لیے منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیکس وصولیوں میں ایف بی آرکے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا اور افسران پر زور دیا کہ نئے مالی سال کیلیے ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے حصول کے لیے محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔

سیمینار کی صدارت ایف بی آر کی ممبر فیٹ رفعت شاہین قاضی نے کی جس میں ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد، آر ٹی او راولپنڈی، ایل ٹی یو اسلام آباد، آر ٹی او پشاور، آر ٹی او ایبٹ آباد کے افسران نے شرکت کی۔ چیف سیلز ٹیکس اینڈ آٹو میشن اشفاق احمد اور چیف انکم ٹیکس پالیسی ملک امجد زبیر نے شرکا کو فنانس ایکٹ 2014 کے ذریعے لائی گئی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر اشفاق احمد نے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز سے متعلق مختلف شعبوں میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ملک امجد زبیر نے انکم ٹیکس قانون میں ترامیم کے خدوخال بیان کیے اور حکومت کی طرف سے ریلیف اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ قائم مقام چیئرمین شاہد حسین اسد نے ایف بی آر افسران کی آگہی کے لیے سیمینار کے انعقاد پر فیٹ ونگ کو سراہا۔ قبل ازیں ممبر فیٹ رفعت شاہین قاضی نے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایف بی آر افسران پر زور دیا کہ نئے مالی سال کیلیے ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے حصول کیلیے محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔