حصص مارکیٹ میں تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

بزنس رپورٹر  جمعرات 24 جولائی 2014
انڈیکس ریکارڈ 30465 ہوگیا، 326 میں سے169 کمپنیوں کی قیمتیں کم، 139کے دام میں اضافہ، مارکیٹ سرمایہ15.7ارب روپے بڑھ گیا،13کروڑ حصص کا لین دین۔  فوٹو: اے ایف پی/فائل

انڈیکس ریکارڈ 30465 ہوگیا، 326 میں سے169 کمپنیوں کی قیمتیں کم، 139کے دام میں اضافہ، مارکیٹ سرمایہ15.7ارب روپے بڑھ گیا،13کروڑ حصص کا لین دین۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مخصوص کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری برقرار رہنے کے باعث بدھ کو ایک بار پھر تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس 30465.43 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے سبب 42.63 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید15 ارب73 کروڑ30 لاکھ34 ہزار207 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا تھا کہ آئل سیکٹر کے علاوہ بعض سیمنٹ کمپنیوں میں بدھ کو خریداری سرگرمیاں نمایاں رہیں جس سے ایک موقع پر 215.28 پوائنٹس کی نمایاں تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مختصرالمدت سرمایہ کاری رحجان بڑھنے اور پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر51 لاکھ31 ہزار810 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے38 لاکھ18 ہزار340 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے2 لاکھ96 ہزار752 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے10 لاکھ16 ہزار719 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس63.34 پوائنٹس کے اضافے سے 30465.43 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 19.07 پوائنٹس کے اضافے سے 21200.33 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس40.72 پوائنٹس کے اضافے سے49560.60 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت11.48 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر13 کروڑ10 لاکھ 80 ہزار980 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار326 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں139 کے بھاؤ میں اضافہ 169 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ167.40 روپے بڑھ کر3515.40 روپے اور شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ42.53 روپے بڑھ کر 1011.90 روپے ہوگئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ 167.61 روپے کم ہوکر3765.85 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ25 روپے کم ہوکر7825 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔