اسکول وینز میں نصب گیس سلنڈرز کی جانچ نہ ہوسکی

بزنس رپورٹر  جمعرات 24 جولائی 2014
سی این جی کے ناغے پر ٹرانسپورٹر ایل پی جی سلنڈر خواتین کمپارٹمنٹ میں رکھ دیتے ہیں، گیس سلنڈر پھٹنے پر مقدمہ فٹنس ڈپارٹمنٹ کے خلاف کیا جائے،شہری۔ فوٹو: فائل

سی این جی کے ناغے پر ٹرانسپورٹر ایل پی جی سلنڈر خواتین کمپارٹمنٹ میں رکھ دیتے ہیں، گیس سلنڈر پھٹنے پر مقدمہ فٹنس ڈپارٹمنٹ کے خلاف کیا جائے،شہری۔ فوٹو: فائل

کراچی: پبلک ٹرانسپورٹ اور اسکول میں چلنے والی گاڑیوں میں نصب گیس سلنڈرز کی جانچ شروع نہیں ہوسکی ہے ،پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کی لاپروائی اور غفلت واضح ہوگئی ہے.

ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں تواتر سے ہونے والے گیس سلنڈر دھماکوں سے شہری خوف و ہراس کا شکار ہوگئے،تفصیلات کے مطابق شہر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ اور اسکولوں میں چلنے والی گاڑیوں میں نصب سی این جی کٹس اور گیس سلنڈرز کی متعلقہ ادارے اب تک جانچ شروع نہیں کرسکے ہیں ،پبلک ٹرانسپورٹ میں تواتر سے گیس سلینڈر پھٹنے کے حادثات ہورہے جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں سلنڈر کے دھماکے اور قیمتی جانوں کے نقصان نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کی لاپرواہی اور فرائض سے غفلت واضح کردی ہے۔

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ میں تواتر سے ہونے والے سی این جی گیس سلنڈر کے دھماکوں سے شہری تشویش اور خوف میں مبتلا ہوگئے ہیں شہریوں نے اپیل کی ہے پبلک ٹرانسپورٹ اور اسکول وینز میں نصب سی این جی کٹس اور سلنڈر کی جانچ نہ کرانے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کیے جائیں اور کسی بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں سی این جی سلنڈر پھٹنے کی صورت میں فٹنس ڈپارٹمنٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، دوسری جانب کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے چیئرمین شکیل احمد بیگ نے کمشنر کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا ہے کہ ناقص اور غیرمعیاری گیس کٹس اور گیس سلنڈر پر چلنے والی گاڑیاں چلتے پھرتے بم بن چکے ہیں۔

بسوں منی بسوں اور کوچزکی خستہ حالت کے باوجود فٹنس ڈپارٹمنٹ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھیں فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کررہا ہے، بسوں میں نصب ناقص سی این جی سلنڈر ہی خطرہ نہیں ہیں بلکہ سی این جی کے ناغے کے روز پبلک ٹرانسپورٹ ایل پی جی پر چلائی جاتی ہے اور ایل پی جی کے ناقص سلنڈر انتہائی غیرمحفوظ طریقے سے خواتین کے حصے میں رکھ دیے جاتے ہیں۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ایل پی جی کے پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال پر پابندی عائد کرچکی ہے اس کے باوجود شہر کی تمام گاڑیاں ناغے کے روز ایل پی جی پر چل رہی ہوتی ہیں اسی طرح اسکولوں کی تعطیلات ختم ہونے کے قریب ہیں لیکن اسکول ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا رنگ تبدیل نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان میں نصب سی این جی کٹس اور ناقص گیس سلنڈرز کی جانچ کرائی گئی ہے، کمشنر ،اے آئی جی پولیس، ڈی آئی جی ٹریفک غیرمحفوظ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرکے شہریوں کے جان محفوظ بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔