حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی تقریب کو حتمی شکل دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جولائی 2014
تقریب میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ آرمی چیف جنرل داحیل شریف سمیت دیگر عسکری حکام شرکت کریں گے۔  فوٹو؛فائل

تقریب میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ آرمی چیف جنرل داحیل شریف سمیت دیگر عسکری حکام شرکت کریں گے۔ فوٹو؛فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی پروگرام کو حتمی شکل  دے دی، وزیراعظم نواز شریف 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب تقریب سے خطاب کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جشن آزادی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سمیت حکومتی ارکان اور سینئر عسکری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی تقریب 2 مراحل میں منعقد ہوگی پہلے مرحلے میں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے تقریب منعقد ہوگی جس میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سول  و عسکری قیادت شرکت کرے گی جبکہ رات 12 بجے وزیراعظم نواز شریف تقریب سے خطاب کریں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تقریب میں 2500 فوجیوں کے علاوہ 5 ہزار افراد شریک ہوں گے جبکہ جشن آزادی پریڈ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شپ ہوگی جبکہ 14 اگست کی صبح منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم پرچم کشائی کریں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں حکومت نے 14 اگست کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جشن آزادی تقریب کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔