آسٹریا میں فلسطینی حامیوں کا اسرائیلی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں پر حملہ

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جولائی 2014
پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر بروقت قابو پالیا جس کے باعث کسی کھلاڑی کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں،حکام۔    فوٹو؛ڈیلی میل

پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر بروقت قابو پالیا جس کے باعث کسی کھلاڑی کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں،حکام۔ فوٹو؛ڈیلی میل

ویانا: صیہونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنانے کے خلاف آسٹریا میں ایک گروپ نے اسرائیلی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں پر حملہ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریا کے شہر بسچوف شوفن میں اسرائیلی فٹبال کلب مکابی حیفہ کا فرانس کے فٹبال کلب لیلے کے ساتھ ایک دوستانہ میچ کے دوران غزہ پر جارحیت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کے گروپ نے اسرائیلی کھلاڑیوں پر حملہ کردیا جس کے باعث منتظمین کو میچ مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کرنا پڑا۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو 20 کے قریب نوجوان غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے نعروں سے بھرے پلے کارڈز کے ہمراہ گراؤنڈ پہنچے اور انہوں نے اسرائیلی کھلاڑیوں پر حملہ کردیا۔ حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر بروقت قابو پالیا جس کے باعث کسی کھلاڑی کو زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ صیہونی افواج کی جانب سے گزشتہ 17 روز سے جاری بمباری کے نتیجے میں اب تک  شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر چکی ہے جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ سیکڑوں کی تعداد میں زخمی  فلسطینی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن پر بھی سفاک صیہوبی فوجی بمباری کرنے سے باز نہیں آتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔