سانحہ ماڈل ٹاؤن؛ ٹریبونل کی وزیراعلیٰ پنجاب کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جولائی 2014
وزیراعلیٰ پنجاب بیان حلفی مجاز افسر کے ذریعے جمع کرائیں،نکوائری ٹریبونل  فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب بیان حلفی مجاز افسر کے ذریعے جمع کرائیں،نکوائری ٹریبونل فوٹو: فائل

لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کرنےوالے انکوائری ٹریبونل نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے قائم ایک رکنی عدالتی کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں ٹریبونل نے واقعے سے متعلق بیانات اور شواہد کا جائزہ لیتے ہوئے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کو کل طلب کرلیا جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بھی کل طلب کیا گیا ہے۔

انکوائری ٹریبونل نے واقعے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیان حلفی مجاز افسر کے ذریعے 25 جولائی تک جمع کرایا جائے، ٹریبونل کی کارروائی کا آغاز کل صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔

واضح رہے کہ ایک رکنی عدالتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف کیس کی سماعت کے لئے لاہورہائی کورٹ کی جانب سے فل بینچ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو بینچ کی تشکیل سے متعلق کیس کی سماعت کررہا ہے جبکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا واقعہ 17 جون کو ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر کے سامنے سے بیریئر ہٹانے پر پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔