کامن ویلتھ گیمز، تمغوں کیلیے جنگ چھڑ گئی، انگلینڈ کا پلڑا بھاری

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  جمعـء 25 جولائی 2014
ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے4گولڈ،5 سلور اور 3برانز سمیت12میڈلز حاصل کرلیے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے4گولڈ،5 سلور اور 3برانز سمیت12میڈلز حاصل کرلیے۔ فوٹو: اے ایف پی

گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز میں تمغوں کیلیے جنگ چھڑ گئی، پہلے دن انگلینڈ کا پلڑا بھاری رہا، ایتھلیٹس نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے4گولڈ،5 سلور اور 3برانز سمیت12میڈلز حاصل کرلیے۔

اسکاٹ لینڈ 3 گولڈز دوسرے اورآسٹریلیا2 طلائی تمغوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے،ویمنز500 میٹر ٹائم ٹرائل سائیکلنگ میں4بار کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلوی اینا میئرز نے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ 50میٹر بریسٹ اسٹروک کوالیفائرز میں اسکاٹش مائیکل جیمسن نے نیا ریکارڈ بنا دیا، پاکستان کا توقعات کے عین مطابق مایوس کن آغاز ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کیلیے جنگ شروع ہوگئی، ویمنز ٹرائی تھلون میں انگلینڈ کی جوڈی اسٹمپسن نے میدان مارلیا، کینیڈا کی کرسٹن سویٹ لینڈ سلور جبکہ میزبان وکی ہالینڈ برانز میڈل کی حقدار بنیں۔مردوں میں طلائی تمغہ انگلینڈ کے الیسٹیر کے نام رہا، ہم وطن جوناتھن برائونلی دوسرے اور جنوبی افریقی رچرڈ مرے تیسرے نمبر پر رہے۔

سائیکلنگ کے4000 میٹر پرسوٹ مقابلے میں آسٹریلیا نے گولڈ،انگلینڈ نے سلور اور نیوزی لینڈ نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ویمنز 500 میٹر ٹائم ٹرائل میں 4بار کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلوی اینا میئرز نے برتری ثابت کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا،انھوں نے نئی دہلی میں قائم کردہ اپنا ہی ریکارڈ 0.3 سیکنڈز کے فرق سے توڑ دیا،وہ ٹریک سائیکلنگ میں5 کامن ویلتھ گیمز میڈل جیت کر ہم وطن بریڈلی میک گی کے برابر آگئیں۔ ہم وطن اسٹیفنی مورٹن نے دوسری اور انگلش جیس وارنش نے تیسری پوزیشن پائی۔ مینز ٹیم اسپرنٹ میں ورلڈ چیمپئنز نیوزی لینڈ نے نیا کامن ویلتھ گیمز ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا،انگلینڈ سلور اور آسٹریلیا برانز میڈل کا حقدار ٹھہرا۔

ویمنز پیرا اسپورٹ اسپرنٹ میں انگلینڈ کی سوفی تھارن ہل اور ہیلن اسکاٹ نے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا،اسکاٹ لینڈ کی ایلین میکگلین اور لائوزی ہیسٹن نے دوسری جبکہ آسٹریلیا کی برینڈی اوکونر اور برینیوا ہر گریو نے تیسری پوزیشن پائی۔ دوسری جانب پاکستان کا توقعات کے عین مطابق مایوس کن آغاز ہوا،سوئمرزکرن خان ، بسمہٰ خان، سکندر خان، انعم بانڈے، حارث بانڈے،اریبہ شیخ، لیانا سوان، اسرار حسین اور ناصر احمد پہلی ہیٹ میں ہی فارغ ہوگئے۔ سوئمنگ کے 50میٹر بریسٹ اسٹروک کوالیفائرز میں اسکاٹش مائیکل جیمسن کو ہم وطن روز مرڈوش نے اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے نیا ریکارڈ بناڈالا، اسی کیٹیگری کے ویمن ایونٹ میں جمیکا کی ایلی ایٹکنسن نے نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ٹیبل ٹینس میں فیورٹ سنگا پور نے فتح کے ساتھ ٹائٹل کی جانب قدم بڑھائے، مینز ٹیم نے گھانا جبکہ ویمن نے سری لنکا کو آئوٹ کلاس کیا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی پیش قدمی بھی جاری رہی۔ اسکواش میں سنگلز چیمپئن میزبان نک میتھیوز نے کمزور حریف ماریشز کے زیویئر کیونگ کو زیر کرلیا، ویمن میں اسکاٹ لینڈ کی الین کلائین نے بھی ایک غیر معروف حریف سینٹ ونسنٹ کی کیون ہینوے کو مات دی۔ آخری اطلاعات آنے تک انگلینڈ مجموعی طور پر12 میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جس میں4 گولڈ،5 سلور اور 3 برانز شامل ہیں، اسکاٹ لینڈ3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر دوسری پوزیشن پر قابض ہوا، آسٹریلیا 2 گولڈ،2 سلور اور 5 برانز میڈل کے ہمراہ تیسرے نمبر پرہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔