کولمبو ٹیسٹ ، جے وردنے پروٹیز پیس اٹیک کے تمام وار سہہ گئے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 25 جولائی 2014
140 پر ناقابل شکست، سری لنکا نے 5 وکٹ پر 305 رنز بنالیے، میتھیوز کی ففٹی۔ فوٹو: اے ایف پی

140 پر ناقابل شکست، سری لنکا نے 5 وکٹ پر 305 رنز بنالیے، میتھیوز کی ففٹی۔ فوٹو: اے ایف پی

کولمبو: کولمبو ٹیسٹ میں مہیلا جے وردنے پروٹیز پیس اٹیک کے تمام وار سہہ گئے، انھوں نے ناقابل شکست 140 رنز کی اننگز سے ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی۔

سری لنکا نے پہلے دن کا اختتام305رنز5وکٹ کے اسکور پر کیا، کپتان انجیلو میتھیوز نے نصف سنچری بنائی۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس سی گرائونڈ میں انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بیٹسمینوں کو صلاحیتیں آزمانے کا موقع دیا، اننگز کا آغاز بدترین انداز سے ہوااور16رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں، اسٹین نے شارٹ پچ گیندوں پر تھارنگا (11) اور سنگاکارا (صفر) کو پویلین بھیج کر میزبان ٹیم کو پریشانی کا شکار کر دیا، مشکل وقت میں اوپنر کوشل سلوا اور تجربہ کار مہیلا جے وردنے نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اسکور115تک پہنچا دیا، سلوا (44)کو آئوٹ کر کے ڈومنی نے99 رنز کی شراکت توڑی۔

جے وردنے پر اس کا کوئی اثر نہ ہوا، وہ بدستور حریف بولرز کا ڈٹ کر سامنا کرتے رہے، کپتان انجیلو میتھیوز نے بھی بھرپور ساتھ دیا، دونوں نے چوتھی وکٹ کیلیے اسکور میں131 رنز کا اضافہ کیا، میتھیوز63رنز بنانے کے بعد ڈومنی کی گیند کو کٹ کرتے ہوئے ڈی کاک کا کیچ بنے، وتھاناگے (13) شارٹ پچ گیندوں پر پریشان نظر آئے، اسٹین کی ایک گیند ہیلمٹ کے وائزر پر بھی لگی، انھیں مورکل نے تیسری سلپ میں موجود ڈی ویلیئرز کی مدد سے میدان بدر کیا، جس وقت 86اوورز بعد پہلے دن کا کھیل ختم ہوا سری لنکا نے 5 وکٹ پر305رنز بنا لیے تھے۔

چٹان کی مانند ڈٹے ہوئے جے وردنے نے6گھنٹے وکٹ پر قیام کے دوران225 گیندوں پر ناقابل شکست140رنز اسکور کیے، انھوں نے ایک چھکا اور16چوکے لگائے، وہ پاکستان کیخلاف سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں،ڈیبیو کرنے والے نروشن ڈکویلا12 پر ناٹ آئوٹ رہے، انھیں امپائر نے ڈومنی کی گیند پر کیچ قرار دیا مگر ریویو میں بچ نکلے، ٹی وی ری پلیز کے مطابق گیند پیڈز سے ٹکرائی تھی، اسٹین اور مورکل نے2،2 وکٹوں کیلیے بالترتیب55 اور58 رنز دیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔