جمعۃ الوداع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات، یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جولائی 2014
رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے موقع پر اہل ایمان مساجد میں قیام کر کے عبادات کریں گے. فوٹو: فائل

رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے موقع پر اہل ایمان مساجد میں قیام کر کے عبادات کریں گے. فوٹو: فائل

اسلام آباد: جمعۃ الوداع کے موقع پر ملک بھر کے تمام حساس مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے مسجد اقصی پر صیہونی قبضے کے خلاف آج ملک بھر میں ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعۃ الوداع اور یوم القدس کی تقریبات کی سیکیورٹی سے متعلق حکومت کی جانب سے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات اور مساجد پر رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے یوم القدس کے سلسلے میں مظاہروں اور ریلیوں کے پیش نظر سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی اور وفاقی دارالحکومت میں 3500 سے زائد پولیس اہلکار اور افسران ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رینجرز بھی پولیس کی معاونت کرے گی۔ ٹریفک پولیس کے 500 سے زائد اہلکار بھی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں جبکہ شہر بھر میں چیکنگ اور پیٹرولنگ کا عمل بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے موقع پر اہل ایمان مساجد میں قیام کر کے عبادات کریں گے اور رمضان المبارک کے رخصت ہونے پر اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں گے اور اپنی غلطیوں و کوتاہیوں پر خدائے بزرگ برتر کے حضور توبہ کریں گے۔

ادھر تحریک انصاف، اہلسنت والجماعت، مجلس وحدت المسلمین سمیت دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے کراچی، پشاور ، کوئٹہ سمیت دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور فلسطین پر قابض اسرائیل کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ہر سال فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے قبضے کے خلاف یوم القدس منایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔