کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جولائی 2014
فائرنگ کے واقعات گلشن اقبال،لانڈھی اورایف سی ایریا میں پیش آئے،فوٹو:فائل

فائرنگ کے واقعات گلشن اقبال،لانڈھی اورایف سی ایریا میں پیش آئے،فوٹو:فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ رینجرز نے فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان کو بھی پکڑ لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کےنتیجے میں دکاندار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ سے علاقے میں کاروبار بند اور خوف وہراس پھیل گیا، جاں بحق ہونےوالے دکاندار کی لاش کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب لانڈھی کے علاقے 6 نمبر اور مظفر آباد کالونی میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہ ہوسکی جبکہ ایف سی ایریا میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رینجرز نے ایف سی ایریا میں فائرنگ کے بعد فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔