لانگ مارچ کیلئے فوج بلانے والے خود بھی لانگ مارچ کرچکے ہیں، یوسف رضا گیلانی

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جولائی 2014
اگر فوج تعینات کی گئی تو سول معاملات میں اس کی مداخلت بڑھ سکتی ہے، یوسف رضا گیلانی  فوٹو: ایکسپریس نیوز

اگر فوج تعینات کی گئی تو سول معاملات میں اس کی مداخلت بڑھ سکتی ہے، یوسف رضا گیلانی فوٹو: ایکسپریس نیوز

ملتان: سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لئے فوج کو بلانے والے نواز شریف خود بھی لانگ مارچ کرچکے ہیں۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لانگ مارچ کرنا تحریک انصاف کا حق ہے اور لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج کو بلانے والے نواز شریف خود بھی لانگ مارچ کرچکے ہیں لہٰذا 14 اگست کو فوج طلب کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا تحریک کے دوران مجھے بھی فوج بلانے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن میں تحریک کے دوران فوج اور عدلیہ میں تصادم نہیں چاہتا تھا اس لئے مشورہ نہ مانا، اب انتخابی دھاندلی کا معاملہ ہے جس کا فوج سے کوئی تعلق نہیں اور اگر فوج تعینات کی گئی تو سول معاملات میں اس کی مداخلت بڑھ سکتی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کون کہتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی، پورے ملک میں دھاندلی ہوئی لیکن مسائل کا حل سیاسی طریقے سے اور پارلیمنٹ کے اندر ہونا چاہئے سڑکوں پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی تو غور کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔