ثانوی تعلیمی بورڈ کے نتائج میں طالبات بازی لے گئیں، کوئی سرکاری اسکول پوزیشن نہ لے سکا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 جولائی 2014
آرٹس ریگولروپرائیوٹ میں اقراحفاظ اسکول کی انسہ صدیقی،لبنیٰ مستقیم،حانیہ وقاص نے باالترتیب پہلی دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی ۔  فوٹو : ایکسپریس

آرٹس ریگولروپرائیوٹ میں اقراحفاظ اسکول کی انسہ صدیقی،لبنیٰ مستقیم،حانیہ وقاص نے باالترتیب پہلی دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جمعہ کو سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹII (میٹرک) سائنس،آرٹس (ریگولروپرائیوٹ) اور سماعت سے محروم بچوں کے سالانہ امتحانات برائے 2014 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

میٹرک سائنس میں ابتدائی 2 پوزیشنیں طالبات نے حاصل کی جبکہ میٹرک جنرل گروپ میں تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں میٹرک سائنس اورجنرل گروپ میں کوئی سرکاری اسکول پوزیشن نہ لے سکا اور تمام پوزیشنیں نجی اسکولوں کے حصے میں آئیں، میٹر ک سائنس کے امتحانات میں 135031 امیدواروں نے شرکت کی، نتائج کا تناسب 70.15 فیصد رہا، 8703 اے ون گریڈ، 22441 اے گریڈ،29956 بی گریڈ،24257 سی گریڈ،8660 ڈی گریڈ،213 ای گریڈ اور اضافی مضامین میں 500 امیدوارکامیاب ہوئے، عثمان پبلک اسکول نارتھ ناظم آباد کی مروہ تنویر نے 796 نمبر لے کر پہلی اسی اسکول کی ماہ نور ریحان اور میٹروپولیٹن اکیڈمی فیڈرل بی ایریا کے محمد انس غنی نے مشترکہ طور پر 789 نمبر لاکر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ کلثوم بائی ولیکا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سعد خالد نے 785 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس ریگولر وپرائیوٹ کے امتحان میں 25648 امیدواروں نے شرکت کی، 206 اے ون گریڈ،1170 اے گریڈ، 3410 بی گریڈ، 5654 سی گریڈ، 3229 ڈی گریڈ، 118 ای گریڈ اور اضافی مضامین میں 365 امیدوارکامیاب ہوئے، آرٹس کے امتحان میں تینوں پوزیشن اقرا حفاظ سکینڈری اسکول نے حاصل کی، پہلی پوزیشن 784 نمبر لے کر انسہ صدیقی نے حاصل کی، لبنیٰ مستقیم نے 780 نمبر لے کر دوسری اورحانیہ وقاص نے 766 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، سماعت سے محروم طلبا کے امتحانات میں شرکت کے لیے 116 طلبا نے رجسٹریشن کرائی،105 طلبا کامیاب ہوئے،دیوا اسکول کے محمد احمد خان نے 737 نمبر لے کر پہلی ،ابسا اسکول کی بینش نے729 نمبر لے کر دوسری اوردیواسکول گلشن کے ارتسام بابر خان نے 720 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

امن کی خراب صورتحال میں پرچوں کاالتواپریشان کن ہے،پوزیشن ہولڈرز
اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کے قتل عام پر عالمی طاقتوں کی خاموشی پر افسوس ہوتا ہے،شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال سے امتحانات کے دوران پرچوں کی منسوخی بہت پریشان کرتی ہے، کراچی میں نجی اسکولوں اورسرکاری کالجوں کاتعلیمی معیار بہتر ہے۔

ان خیالات کااظہارمیٹرک سائنس اورجنرل گروپس کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران گفتگو میں کیا، اس موقع پرچیئرمین بورڈ فصیح الدین خان ،سیکریٹری بورڈ حور مظہر اورناظم امتحانات نعمان احسن موجود تھے، میٹرک سائنس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی عثمان پبلک اسکول کی طالبہ مروہ تنویر نے کہاکہ میں مستقبل میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں فرسٹ ایئر میں سرکاری کالج میں داخلہ لوں گی۔

تدریسی معیارکے لحاظ سے نجی اسکول اورسرکاری کالج اچھے ہوتے ہیں، دوسری پوزیشن لینے والی عثمان پبلک اسکول کی طالبہ مہ نورریحان نے کہاکہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے جواب میں ہمیں صیہونی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں سرکاری کالج میں داخلہ لوں گی طلبا کو پریشانی ہڑتالوں اور اچانک خراب ہونے والی صورتحال سے پرچہ ملتوی ہونے پر ہوتی ہے۔

میٹرک سائنس میں دوسری پوزیشن حاصل لینے والے میٹروپولیٹن اسکول کے طالب علم محمد انس غنی نے کہا کہ وہ سرکاری کالج سے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کریں گے، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کلثوم بائی ولیکا اسکول کے طالبعلم سعد خالد نے کہاکہ وہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کریں گے سعدخالد نے سوشل میڈیا کے درست استعمال پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کووقت ضائع کرنے کے بجائے معلومات تک رسائی کے لیے استعمال کیا جائے طلبا ہمت ہارنے بجائے حوصلے اور لگن سے تعلیم حاصل کریں۔

میٹرک جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی اقرا حفاظ گرلز اسکول کی طالبہ حافظہ انسہ صدیقی کاکہناتھاکہ قرآن کی برکت سے وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں مستقبل میں وہ بی اے کرناچا ہتی ہوں، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی اقرا حفاظ گرلز اسکول کی طالبہ حافظہ لبنیٰ مستقیم نے کہا کہ مطالعہ کے دوران سب سے بڑامسئلہ لوڈ شیڈنگ کا ہے حجاب ضروری ہے اور حجاب کی برکت سے خواتین آگے بڑھ سکتی ہیں، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ حافظہ حانیہ وقاص نے کہا کہ وہ موجودہ نظام تعلیم سے مطمئن ہیں پاکستانی معاشرے میں دینی تعلیم عام کرنے کی ضرورت ہے۔

کمپیوٹر نظام بہتر بناکر جدید پروگراموںپر نتائج تیار کیے گئے،فصیح الدین خان
ثانوی تعلیمی بورڈ نے پہلی بار کمپیوٹر اورآئی ٹی کے نظام کواپ گریڈ کردیا ہے اورپرانے سوفٹ ویئرز کے بجائے نئے اورجدید سوفٹ ویئر زکے ذریعے شفاف اورغلطیوں سے پاک نتائج تیارکے گئے ہیں۔

یہ بات ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فصیح الدین خان نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک سائنس ،جنرل گروپ اورخصوصی طلبا کے امتحانات نتائج کے اجرا پرکہی اس موقع پران کے ہمراہ سیکریٹری بورڈ حور مظٖہر اور ناظم امتحانات نعمان احسن بھی موجود تھے امتحانی نتائج پر بریفنگ دیتے ہوئے ناظم امتحانات نعمان احسن نے بتایاکہ پہلی بارنئے آئی ٹی نظام کے تحت چار نتائج کی ٹیبولیشن کی چار انٹریز تیارکی گئی ہیں جبکہ پانچویں دستی ٹیبلویشن اس کے علاوہ ہے یہ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ اس قدرکم عرصہ میں میٹرک جنرل اورسائنس گروپ کے نتائج بیک وقت 4 انٹریزکے ساتھ جاری کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔