وزیرصحت نے تھرمیں قحط سے ہلاکتوں کانوٹس لے لیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 جولائی 2014
سرکاری اسپتالوں میں دوائیں اورڈاکٹرنہ ہونے سے عوام کوشدیدمشکلات کاسامناہے فوٹو: فائل

سرکاری اسپتالوں میں دوائیں اورڈاکٹرنہ ہونے سے عوام کوشدیدمشکلات کاسامناہے فوٹو: فائل

کراچی: وزیرصحت نے تھرمیں قحط وخشک سالی سے ہلاکتوں کانوٹس لیتے ہوئے طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھرایک بارپھرقحط وخشک سالی کی لپیٹ میں آگیاہے جس کی وجہ سے اموات کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہورہاہے،تھر، مٹھی اوردیگرعلاقوں میں 6ماہ قبل قحط وخشک سالی کی وجہ سے سیکٹروں بچے زندگی کی بازی ہارگئے تھے اب ایک بارپھر عوام کوخشک سالی کاسامناہے دوسری جانب سرکاری اسپتالوں میں دوائیں اورڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے تھرکے عوام کومزید مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے،مٹھی کے سول اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق تھرسمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں درجنوں افراد قحط وخشک سالی سے متاثرہوئے ہیں ۔

جنھیں اسپتالوں میں منتقل کرنیکی اشدضرورت ہے لیکن متعلقہ حکام مریضوں کو داخل نہ کرنے کی پالیسی پرعمل پیراہیں، وزیر صحت نے تھرکے عوام کوطبی سہولتوں کی عدم فراہمی کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو انھیں ہرممکن علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے،محکمہ کے افسران کاکہنا ہے کہ تھرکے عوام کوایک بار پھرپانی،غذائی اوردواؤں کی قلت کاسامنا اورعلاج کی شدیدضرورت ہے ، حکومت کی جانب سے تھر،مٹھی اور دیگر ملحقہ علاقوں کونظر اندازکرنے کے باعث تھرکے عوام کو ہرسال ایسے ہی حالات ومسائل کاسامناکرناپڑتاہے لیکن حکومت اور محکمہ صحت نے آج تک اس سلسلے میں کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔