وزارت پانی وبجلی کا عید کے دوران ملک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جولائی 2014
عید پر صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے،سیکریٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی،
فوٹو؛فائل

عید پر صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے،سیکریٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی، فوٹو؛فائل

لاہور: وزارت پانی وبجلی نے عید الفطر کےدوران ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت پانی وبجلی کی جانب سے عیدالفطر کے دوران  ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت چاند رات سے یکم اگست تک لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی جبکہ دوسری جانب سیکریٹری پانی و بجلی نرگس سیٹھی کا کہنا ہےکہ عید پر صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اور پوری کوشش ہوگی کہ لوڈشیڈنگ نہ ہو تاکہ عوام عید کے دوران لوڈشیڈنگ کی اذیت سے محفوظ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ وزارت پانی  وبجلی کی جانب سے رمضان المبارک میں سحر وافطار کے دوران  بھی لوڈشیڈنگ نہ کر نے کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ  اس کے برعکس ملک بھر میں سحرو افطار اور تراویح کے دوران لوڈشیڈنگ تواتر کے ساتھ  کی گئی جبکہ رمضان کے دیگر اوقات میں بھی کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی گئی جس کے باعث روزے داروں کو  شدید گرمی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔