حکومت آزادی مارچ کو فوج کے ساتھ تصادم میں بدلنا چاہتی ہے، تحریک انصاف

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جولائی 2014
قومی ادارے فوج کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہئے، کورکمیٹی فوٹو:فائل

قومی ادارے فوج کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہئے، کورکمیٹی فوٹو:فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف نے اسلام آباد میں فوج بلانے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی مارچ کو فوج کے ساتھ تصادم میں بدلنا چاہتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں 14 اگست کے لانگ مارچ کی حکمت عملی اور اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا جبکہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پر امن احتجاج کیا ہے اس لیے اسلام آباد میں فوج کی طلبی کے فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، حکومت کا وفاقی دارالحکومت میں فوج بلانے کا فیصلہ کسی صورت درست نہیں ہے۔ کمیٹی کےشرکا نے کہا کہ فوج کی اسلام آباد میں طلبی کا فیصلہ سیاسی ہے،حکومت آزادی مارچ کو فوج کے ساتھ تصادم میں بدلنا چاہتی ہے، قومی ادارے فوج کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہئے اس طرح فوج کو جمہوری احتجاج میں گھسیٹنا غیر اخلاقی ہے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہے اور اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کا نفاذ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔