جمہوری حکومت کا کسی ادارے کے پیچھے چھپنا اچھی روایت نہیں، سید خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جولائی 2014
احتجاج کرنا سب کا حق ہے اس لئے حکومت کو احتجاج پر پابندی نہیں لگانی چاہئے، اپوزیشن لیڈر     فوٹو: فائل

احتجاج کرنا سب کا حق ہے اس لئے حکومت کو احتجاج پر پابندی نہیں لگانی چاہئے، اپوزیشن لیڈر فوٹو: فائل

سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کا اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ درست نہیں اور حکومت کو اداروں کے پیچھے چھپنے کی روایت قائم نہیں کرنی چاہئے۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے  سید خورشید شاہ نے کہا کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے اس لئے حکومت کو احتجاج پر پابندی نہیں لگانی چاہئے لیکن اگر کسی کے احتجاج سے مسائل اور نقصانات ہوتے ہیں تو اس کا تدارک کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے لیکن کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں ہے اور قوم بھی انتشار کی سیاست کو مسترد کرچکی ہے اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ سیاسی لوگوں سے بات چیت کرنے کی اچھی روایت قائم کرے۔

سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے مارچ کی وجہ سے اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنے کا فیصلہ ٹھیک نہیں، حکومت کو ایسے کمزور فیصلے نہیں کرنے چاہیئں جس کے نتائج اچھے نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں کا کسی ادارے کے پیچھے چھپنا اچھی روایت نہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے یہ فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف سے پوچھ کر کیا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔